بلدیہ ٹاؤن کی اہم شاہراہ کی تعمیر کا آغاز،سہراب گوٹھ میں پارک کی تعمیر آخری مراحل میں داخل،ترقی کا سفر جاری رہے گا،میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے بلدیہ ٹاؤن میں ڈگری کالج سے 19 ڈی روڈ تک اہم شاہراہ کی تعمیر کا کام شروع کردیا ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے کے مکینوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کے خاتمے اور روزمرہ کے شہری مسائل کے حل میں مدد ملے گی،میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں بنیادی شہری سہولتوں کی فراہمی اور سڑکوں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے، بلدیہ ٹاؤن کی اس اہم شاہراہ کی تعمیر سے مقامی آبادی کو درپیش مسائل میں کمی آئے گی اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی،انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام علاقوں میں بلاامتیاز ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنا اور ان کے روزمرہ مسائل حل کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے، متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام مقررہ معیار کے مطابق آگے بڑھایا جائے تاکہ شہری ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں تفریحی سہولتوں کے فروغ اور سرسبز مقامات میں اضافے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، اس سلسلے میں مسجد حسنات پارک، کوئٹہ ٹاؤن،یوسی۔2،سہراب گوٹھ کے علاقے میں ایک اور پارک کی تعمیر تکمیل کے قریب پہنچ گئی ہے جسے جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ محلہ پارکس نہ صرف بچوں کو کھیلنے اور اہل خانہ کو تفریح کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ شہری علاقوں میں سرسبز ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں پارکس کی بحالی اور نئے تفریحی مقامات کی تیاری پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو ان کی رہائش کے قریب بہتر تفریحی سہولتیں میسر آسکیں، سہراب گوٹھ میں تعمیر ہونے والے اس پارک کو جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا جس سے علاقے کے مکینوں، خصوصاً بچوں اور اہل خانہ کو تفریح کے لیے ایک بہتر مقام دستیاب ہوگا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو برقرار رکھنا اور اس تسلسل کو مستقبل میں بھی جاری رکھنا اصل چیلنج ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنا اور ان کے ثمرات شہریوں تک پہنچانا بھی نہایت اہم ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کوشش ہے کہ سڑکوں، پارکس اور دیگر بنیادی شہری سہولتوں سے متعلق جاری کاموں میں تسلسل برقرار رہے تاکہ کراچی کے شہریوں کو ان کی روزمرہ زندگی میں واضح بہتری محسوس ہو،انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی ایک مسلسل عمل ہے اور اس کے لیے مستقل توجہ، مؤثر منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ محکموں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں،شہر میں ترقیاتی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے عزم پر کاربند رہیں گے۔

جواب دیں

Back to top button