چکور نالہ کی کارپٹنگ کا کام چار روز میں مکمل کرلیا جائے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چکور نالہ کے اطراف جاری کارپٹنگ کا کام آئندہ چار روز میں مکمل کرلیا جائے گا، جس کے بعد علاقے کے شہریوں کو آمدورفت میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدوں اور یقین دہانیوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے چکور نالہ پر جاری کارپٹنگ کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے چکور نالہ کے دورے کے موقع پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کہا کہ یہ منصوبہ گلستانِ جوہر، شارعِ فیصل، ڈالمیا اور پہلوان گوٹھ سمیت اطراف کے علاقوں کے شہریوں کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چکور نالہ کے حوالے سے جاری کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کراچی کے عوام کے لیے کیے گئے وعدوں کے مطابق شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جو بھی وسائل، صلاحیتیں اور اختیارات موجود ہیں، انہیں کراچی کے عوام کی بہتری اور سہولت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ شہریوں سے کیے گئے وعدوں کو محض اعلانات تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے انہیں پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے میدان میں موجود ہیں۔ آنے والے دنوں میں مزید منصوبے بھی مکمل کرکے شہریوں کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور شہریوں کی خدمت ہمارا عزم اور ذمہ داری ہے، دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button