پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کا بلدیاتی اداروں کے ساتھ اربوں روپے کا فراڈ،ایم سی ایل نے 50 فیصد آمدن کا شیئر مانگ لیا

پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کا بلدیاتی اداروں کے ساتھ اربوں روپے کا فراڈ،بلدیاتی اداروں نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ سے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے مطابق 50 فیصد آمدن کے شیئر کے لئے درخواست کر دی۔بلدیہ عظمٰی لاہور کے ایڈمنسٹریٹر نے بھی نوٹیفکیشن کیلئے سیکرٹری بلدیات کو سمری بجھوا دی۔یہ بات اہم ہے کہ مقامی حکومتوں (ٹی ایم ایز) سے جب مویشی منڈیوں اور سلاٹر ہاوسیز کے اختیارات لئے گئے اس وقت بھی فیصلہ ہوا تھا کہ متعلقہ کمپنی ٹی ایم ایز کو آمدن میں سے شیئر جاری کرے گی لیکن اس پر عمل درآمد نہ ہوا اور مقامی حکومتوں کو اربوں روپے سالانہ کی آمدن سے محروم کر دیا گیا۔پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی بننے کے بعد مقامی حکومتوں کو مکمل نظر انداز کر دیا گیا۔کمپنی نے اپنی آمدن اور ٹھیکہ جات کو خفیہ رکھنا شروع کر دیا۔بورڈ میں بھی مقامی حکومتوں کو نمائندگی نہ دی گئی۔کمپنی 12 ارب سے زائد کی سالانہ آمدن خود ہضم کر رہی ہے۔جبکہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی دفعہ بی بی 26 کے تحت وہ 50 فیصد خالص آمدن سے شیئر مقامی حکومتوں کو منتقل کرنے کی پابند ہے۔مقامی حکومتوں کے نظام میں ٹی ایم ایز اور اب بلدیاتی اداروں کو شیئر ادا کرنے کے حوالے سے کمپنی فراڈ سے کام لے رہی ہے۔بلدیہ عظمٰی لاہور کے ایڈمنسٹریٹر وڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو جاری مراسلہ کے متن کے مطابق

حکومتِ پنجاب، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور

موضوع: پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (PCMMDC) کی جانب سے حاصل ہونے والی پچاس فیصد (50%) خالص آمدنی میں سے ایم سی ایل (MCL) کے متناسب حصے کی منتقلی اور اس کے نوٹیفکیشن کے لیے درخواست !عرض ہے کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی دفعہ 26(bb) کے تحت، مقامی حکومت "پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی کے ذریعے مویشیوں کی منڈیاں قائم، منظم اور برقرار رکھے گی اور جانوروں کی خرید و فروخت کو ریگولیٹ کرے گی، بشرطیکہ کمپنی کی جانب سے حاصل ہونے والی خالص آمدنی کا 50 فیصد حصہ مقامی حکومتوں کو اس تناسب سے منتقل کیا جائے گا جس کا تعین سیکرٹری، وزیر کی منظوری سے کریں گے۔”2. مذکورہ بالا قانونی شق کے پیشِ نظر، ایم سی ایل (MCL) قانونی طور پر اس بات کی حقدار ہے کہ وہ اپنی حدود کے اندر قائم اور چلائی جانے والی مویشیوں کی منڈیوں سے پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی حاصل کردہ خالص آمدنی کا 50 فیصد حصہ وصول کرے۔ لہٰذا، استدعا ہے کہ ضلع لاہور میں کام کرنے والی مویشیوں کی منڈیوں سے حاصل ہونے والی خالص آمدنی میں سے ایم سی ایل کا واجب حصہ جلد از جلد طے کر کے اس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، خاص طور پر اس لیے کہ ایم سی ایل ضلع لاہور کے اندر واحد مقامی حکومت ہے۔3. مزید استدعا ہے کہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد، مالی سال 2025-26 کے لیے واجب الادا حصہ ایم سی ایل کو منتقل کرنے کی غرض سے PCMMDC کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔پنجاب کے متعدد بلدیاتی اداروں کی جانب سے بھی استدعا کی جا رہی ہے۔واضع رہے کہ بلدیاتی اداروں کے بیشتر آمدن کے ذرائع یا تو ختم کر دیئے گئے ہیں یا کمپنیوں اور اتھارٹیز کو منتقل کئے جا چکے ہیں۔صوبائی وزیر سمیت محکمہ بلدیات پنجاب کے اعلٰی حکام بھی پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے اہم انتظامی اور مالی معاملات سے لاعلم ہیں۔جس کی وجہ ان کی عدم دلچسپی اور غفلت ہے۔

جواب دیں

Back to top button