وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پروگرام مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) گارڈن ٹاؤن میں اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود بھی موجود تھے جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک نے 51 شہروں میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی متعدد ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ

شہروں میں میونسپل سہولیات کی فراہمی کیلئے اتنے بڑے پیمانے پر اقدامات پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے تاہم پی ڈی پی کے تحت اب ماسٹر پلاننگ کے ذریعے سکیمیں تیار کی گئی ہیں۔ "ہر شہر میں زیر زمین واٹر ٹینکس کیلئے مقامات منتخب کئے گئے۔ الحمداللہ اب تک 110 میں سے 96 زیر زمین ٹینکس مکمل ہوچکے ہیں”۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شہروں میں واٹرٹینکس، ڈرینز اور ڈسپوزل سٹیشنز کا مربوط نیٹ ورک بنایا جا رہا ہے۔ پہلے چند شہروں کے سوا کہیں بھی سیوریج کا پائیدار سسٹم نہیں تھا لیکن اب وزیراعلی مریم نواز شریف نے پی ڈی پی کی شکل میں میگا پراجیکٹ کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ 51 شہروں کیلئے 124 میں سے 106 ڈرینز مکمل کی جاچکی ہیں۔ اگلے مرحلے میں 25 ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر پر بھی کام شروع ہوگیا ہے۔ ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ان شہروں کو نئی سکشن مشینیں اور ڈی سلٹنگ یونٹس بھی فراہم کئے گئے ہیں جس سے نکاسی آب کے مسائل سے نبٹنے میں مدد ملے گی۔

جواب دیں

Back to top button