صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین نے پنجاب کی پہلی پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب میں ٹرافی کی رونمائی کی۔ واسا لاہور آفس میں منعقدہ تقریب میں 12 محکموں کے افسران و ملازمین نے شرکت کی۔ تقریب میں وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز ،ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی ، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید بھی موجود تھے۔ایڈیشنل آئی جی عمران محمود اور عمران کشور ، سی او او روڈا اور دیگر محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

حکومت پنجاب کے 12 محکموں کے افسران و ملازمین کرکٹ کے میچز کھیلیں گے۔18 فروری سے مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے جائیں گے۔پنجاب پریمیئر لیگ کا فائنل میچ مارچ میں کھیلا جائے گا۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے جس طرح انتظامی کارکردگی میں بہتری لائے، کھیل بھی اچھا کھیلیں گے۔ بسنت کے فیسٹیول کے بعد اب کرکٹ کا جنون شروع ہورہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بسنت بحالی بارے فیصلہ انتہائی جرات مندانہ اقدام تھا۔ واسا پنجاب، ایل ڈی اے، ریسکیو 1122، پنجاب ریونیو اتھارٹی ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور پی ایم ڈی ایف سی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔پی آئی ٹی بی، لاہور پولیس، پنجاب پولیس، سیکرٹریٹ ،اربن یونٹ اور روڈا کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔تمام محکموں نے ایونٹ کے انعقاد کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔ای ایم ای ،ڈی ایچ اے گراؤنڈ میں تمام میچز کا انعقاد ہوگا۔





