لاہور میں تقریباً 32 کلومیٹر طویل سیوریج لائنیں ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے بچھائی جائیں،محکمہ ہاؤسنگ پنجاب

لاہور کے شہریوں کو بہتر سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے دو بڑے منصوبوں پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ میں صاف پانی کی فراہمی، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور سیوریج پائپ لائنز کی تعمیر کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ وقار عظیم نے کی۔ اجلاس میں ڈی جی واسا طیب فرید سمیت دیگر متعلقہ حکام اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے عہدیداران نے شرکت کی۔

ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق ٹرینچ لیس سیور منصوبے نے منظوری کے تمام ضروری مراحل مکمل کر لیے ہیں اور منصوبے کا ورک ایوارڈ بھی ہو چکا ہے۔ منصوبے پر کام جلد از جلد شروع کیا جائے گا۔ اے آئی آئی بی کے تعاون سے لاہور میں دو بڑے منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے، جن کے ذریعے شہر کی بڑی آبادیوں کے سیوریج اور واٹر سپلائی نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ترجمان نے بتایا کہ لاہور میں تقریباً 32 کلومیٹر طویل سیوریج لائنیں ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کے ذریعے بچھائی جائیں گی۔ لاریکس کالونی سے قرطبہ چوک تک 12.14 کلومیٹر، گرومانگٹ سے قرطبہ چوک تک 12.82 کلومیٹر جبکہ قرطبہ چوک سے گلشن راوی تک 7.25 کلومیٹر طویل سیوریج لائن تعمیر کی جائے گی۔ لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک سیوریج لائن کی تعمیر میں بھی ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق لاہور میں اے آئی آئی بی کے تعاون سے بی آر بی ڈی کینال پر سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی نصب کیا جائے گا، جس کی ایکنک سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت بی آر بی ڈی کینال پر انٹیک اسٹرکچر اور گیٹس تعمیر کیے جائیں گے جبکہ 3 کلومیٹر طویل پائپ لائن بھی بچھائی جائے گی۔سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ روزانہ 5 کروڑ 40 لاکھ گیلن پانی صاف کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ پانی کے استعمال کی مانیٹرنگ اور ضیاع کی روک تھام کے لیے جدید میٹرز بھی نصب کیے جائیں گے۔ترجمان نے بتایا کہ منصوبے سے لاہور کے مغلپورہ، شادی پورہ، باغبانپورہ، فتح گڑھ اور ملحقہ علاقوں کے مکین مستفید ہوں گے۔ جدید پائپ لائنز اور انفراسٹرکچر کے ذریعے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سیوریج نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button