*عمان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا یو این ہیبی ٹیٹ ایوارڈ وصول کرنا پاکستان کیلئے اعزاز ہے،صوبائی وزیر بلال یاسین*

صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو یو این ہیبی ٹیٹ کی جانب سے عالمی اعزاز ملنے پر قوم اور پنجاب کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا یو این ہیبی ٹیٹ ایوارڈ وصول کرنا پاکستان کیلئے باعثِ فخر ہے۔ بلال یاسین نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام عالمی سطح پر پنجاب کے عوامی فلاحی ماڈل کے طور پر اجاگر ہوا ہے۔ یہ اعزاز 2 لاکھ سے زائد خاندانوں کی زندگیوں میں آنے والی مثبت تبدیلی کا اعتراف ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اپنا گھر بنانے والے خاندانوں کی دعائیں اس اعزاز کا اصل ثمر ہیں۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام بے گھر اور کم آمدن خاندانوں کیلئے امید، سہولت اور باعزت رہائش کا ذریعہ بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت ہزاروں خاندان اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں، جبکہ مزید خاندانوں کوi بھی اپنے گھر کی تعمیر کیلئے سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ قرض کی فراہمی کے بعد ابتدائی تین ماہ تک خاندانوں پر ادائیگی کا کوئی بوجھ نہیں ڈالا جاتا۔ بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں کم آمدن خاندانوں کیلئے اپنے گھر کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام سماجی تحفظ اور رہائشی سہولت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کو محفوظ، باعزت اور پائیدار رہائش فراہم کی جائے گی۔ عالمی سطح پر ملنے والا یہ اعزاز پنجاب حکومت کے عوام دوست ہاؤسنگ اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے۔

جواب دیں

Back to top button