میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کورنگی کے نور دین گوٹھ میں شہید عبداللہ مراد کمیونٹی سینٹر کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل کے اراکین، منتخب نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہید عبداللہ مراد کمیونٹی سینٹر کی تعمیر پر 40 ملین روپے لاگت آئی ہے اور یہ ضلع کورنگی کے عوام کو جدید کمیونٹی سہولیات کی فراہمی کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اہم منصوبہ ہے،انہوں نے کہا کہ شہید عبداللہ مراد کمیونٹی سینٹر 500،500 مربع گز کے دو فلورز پر مشتمل ہے جہاں ہر فلور پر 300 افراد کی گنجائش رکھی گئی ہے، کمیونٹی سینٹر میں گراؤنڈ اور فرسٹ فلور پر آر سی سی اسٹرکچر تعمیر کیا گیا ہے جبکہ عمارت میں ماربل فلورنگ، ٹائلنگ اور ایلومینیم ورک سمیت دیگر ضروری تعمیراتی کام بھی مکمل کیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کمیونٹی سینٹر میں زیرِ زمین اور اوورہیڈ واٹر ٹینک بھی تعمیر کیا گیا ہے تاکہ عمارت میں پانی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے، نور دین گوٹھ کے مکینوں کو بہتر اور جدید کمیونٹی سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے، شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی اور اجتماعی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے گلی محلوں میں بھٹو خاندان اور پاکستان پیپلز پارٹی سے محبت کرنے والے لوگ آباد ہیں، عوام نے دکھ سکھ اور اچھے برے وقت میں ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی اس محبت کا بدلہ ان کے مسائل حل کرکے اور ان کے علاقوں میں ترقیاتی کام مکمل کرکے دیا جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں محبت، ترقی اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو وفا کرنے کا سفر اسی طرح جاری رہے گا،میئر کراچی نے کہا کہ وہ اس منصوبے کی تکمیل پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ٹیم کو شاباش دیتے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مشکور ہیں جو عوام سے کیے گئے وعدوں کو وفا کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تیر کا ساتھ دیا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی کام مکمل کرکے ان کے مسائل حل کریں، عوام بھٹو خاندان سے محبت کرتے ہیں اور یہ وہ محبت ہے جسے خریدا نہیں جاسکتا بلکہ دل سے کام کرکے اپنایا جاتا ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ علاقے میں ایک اور بڑی سڑک تعمیر کی جائے گی تاکہ شہریوں کو آمدورفت کے مسائل سے نجات مل سکے، انہوں نے کہا کہ یہ ٹاؤن پاکستان پیپلز پارٹی کا نہیں ہے لیکن یہاں صرف ایک یونین کمیٹی کا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتا ہے اور اس ایک منتخب نمائندے نے کام کرکے دکھایا ہے، جب ایک یوسی چیئرمین اتنا بڑا کام کرسکتا ہے تو ٹاؤن چیئرمین کیوں نہیں کرسکتے، منتخب نمائندوں کو چاہیے کہ وہ عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے علاقوں میں عملی کام کریں،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سوچ بلاول بھٹو زرداری کی سوچ ہے، جو کام کرنے، وعدے پورے کرنے اور عوام کی خدمت کرنے کی سوچ ہے، یہ وعدہ سلمان عبداللہ مراد کا، یہ وعدہ مرتضیٰ وہاب کا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک ایک کارکن کا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے منشور میں کراچی والوں سے جو وعدے کیے ہیں، ان وعدوں کو ہم سب مل کر اپنے کام اور اپنے ساتھیوں کی مدد سے پورا کرکے دکھائیں گے، انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت کراچی میں چائنا کٹنگ، بوری بند لاشوں اور پہیہ جام ہڑتالوں کا نہیں بلکہ مزدور، محنت کش اور عام کراچی کے شہری کا وقت ہوگا، عوامی خدمت اور ترقی کے اس فرض کو ہر صورت پورا کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانا ہے، یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا اور عوام کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔





