وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت واسا پنجاب کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور 41 اضلاع کے ایم ڈیز نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور نکاسی آب کے انتظامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے سیوریج اور ڈرینج لائنوں کی تنصیب کے بعد سڑکوں کی بحالی میں تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جہاں ڈرینج لائنوں کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے وہاں سڑکوں کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے باعث شہریوں کو طویل عرصے تک آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ بلال یاسین نے تمام اضلاع میں سڑکوں کی بحالی کے کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بحالی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے اور جاری کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ صوبائی وزیر نے تمام ایم ڈیز سے گزشتہ مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب میں پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے مفصل رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایم ڈیز اپنے اضلاع میں جاری کاموں کی ذاتی نگرانی کریں اور متعلقہ سیاسی نمائندگان سے مؤثر کوآرڈی نیشن یقینی بنائیں۔
وزیر ہاؤسنگ نے ڈی جی واسا پنجاب کو تمام جاری منصوبوں کے لیے واضح ٹائم لائنز مرتب کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔






