بلوچستان نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کے گریڈ 18 کے زیرِ تربیت افسران کے وفد نے محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کا دورہ کیا۔ وفد میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے افسران بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے زیرِ تربیت افسران سے ملاقات کی اور انہیں محکمہ ہاؤسنگ کے مختلف منصوبوں اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے زیرِ تربیت افسران کو انتظامی و محکمانہ امور کے حوالے سے اپنے فیلڈ تجربات سے آگاہ کیا اور سرکاری اداروں کی مؤثر کارکردگی، شفافیت اور عوامی خدمت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔نورالامین مینگل نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت پنجاب میں 2 لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 15 اضلاع میں سیوریج نظام کی تعمیر و بحالی پر کام جاری ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے بتایا کہ پنجاب میں واسا ایجنسیوں کا دائرہ کار 5 اضلاع سے بڑھا کر 41 اضلاع تک وسیع کیا گیا ہے۔ پانی کے تحفظ اور اس کے مؤثر استعمال کے لیے پنجاب میں مختلف میگا پراجیکٹس متعارف کروائے گئے ہیں، جبکہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کا دائرہ کار بھی وسیع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی فیصلوں میں شفافیت، میرٹ اور قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد انتظامی امور کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے۔بلوچستان نیپا کے زیرِ تربیت افسران نے حکومت پنجاب کے عوام دوست منصوبوں اور ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیپا بلوچستان سید علی رضا نے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔





