*پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے کام سمارٹ ایگزیکیوشن پلان کے تحت مکمل کئے جائیں:نورالامین مینگل*

سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ ہاؤسنگ کے اہم اجلاس میں تمام متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے اور منصوبوں کی بروقت و معیاری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بروقت اور معیاری کام کرنے والے افسران اور کنٹریکٹرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ نامکمل یا غیر معیاری کام کی صورت میں متعلقہ افسر اور ٹھیکیدار محکمانہ کارروائی کا سامنا کریں گے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے سمارٹ ایگزیکیوشن پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ سمارٹ ایگزیکیوشن پلان کے تحت ترقیاتی کاموں کو تین پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر پیکیج کی مدت تین ماہ مقرر کی گئی ہے۔ کوئی بھی کام ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر پیکیج کو مقررہ تین ماہ کے اندر مکمل کرنا لازم ہوگا۔نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق اور بروقت مکمل کیے جائیں اور آئندہ مون سون سے قبل تمام کام ہر صورت مکمل کر لیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مون سون کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں، تاہم آئندہ مون سون سے قبل جاری منصوبوں کی تکمیل مزید مؤثر نتائج کے لیے ضروری ہے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر کارکردگی کی کڑی جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج نظام کی استعداد بڑھانے کے لیے بھی مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر متعدد اضلاع میں بیک وقت ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں، اس لیے تمام متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز اپنی ذمہ داریاں مقررہ مدت اور معیار کے مطابق پوری کریں۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے تمام متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو محکمہ ہاؤسنگ کے اہم اجلاس میں طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، معیار اور تکمیل کی مدت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button