لاہور کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کیلئے چھوٹے پارکس کی بحالی،گرین ایریاز کے تحفظ کے ساتھ نئے سبز مقامات بھی متعارف کرائے جائیں گے

صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت لاہور کے گرین ایریاز میں اضافے اور پارکس کی بحالی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور میں جاری گرین ایریاز منصوبوں، پارکس کی بحالی، گرین بیلٹس کی تعمیر و خوبصورتی اور نئی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ لاہور کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کیلئے چھوٹے پارکس کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ شہر کے موجودہ گرین ایریاز کے تحفظ کے ساتھ نئے سبز مقامات بھی متعارف کرائے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید معیاری اور محفوظ تفریحی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اندرون لاہور کے نہرو پارک کی بحالی کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے اور پارک کے تاریخی پس منظر کو بھی نمایاں کیا جائے۔ تاریخی ورثے کے تحفظ اور گرین ایریاز کی بحالی کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے ٹریکس کے اطراف گرین بیلٹس اور پارکس کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ لاہور کے پارکس، گرین بیلٹس اور دیگر سبز مقامات کی خوبصورتی اور بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے جبکہ گرین ایریاز میں اضافے کے ساتھ پارکس کی بہتر دیکھ بھال اور مؤثر مینجمنٹ بھی یقینی بنائی جائے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ پارکس اور تفریحی مقامات پر شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ پارکس کی بہتری کے ساتھ ریونیو جنریشن کے نئے اور قابل عمل طریقہ کار پر بھی تجاویز پیش کی جائیں تاکہ ان مقامات کی دیکھ بھال اور انتظامی امور کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایم ڈی پی ایچ اے راؤ تسلیم نے جاری اور مجوزہ گرین ایریاز منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ پارکس اور گرین بیلٹس لاہور کے حسن میں اضافے کے ساتھ شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت شہریوں کیلئے مزید معیاری، خوبصورت اور محفوظ تفریحی مقامات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

جواب دیں

Back to top button