*وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس*

وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پھاٹا، بینک آف پنجاب اور اربن یونٹ کے افسران نے رواں ماہ کے اہداف اور قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ مستحق خاندانوں کو 273 ارب روپے سے زائد کی رقم فراہم کی جا چکی ہے۔ پروگرام کے تحت 1 لاکھ 22 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 57 ہزار 500 گھر زیر تعمیر ہیں، جنہیں رواں سال ہی مکمل کیا جائے گا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے پورٹل پر درخواست گزاروں کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ رواں سال 3 لاکھ سے زائد خاندانوں کو قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرض کی رقم منظور ہونے کے بعد درخواست گزار کو صرف میسج کے ذریعے ہی نہیں بلکہ فون کال کے ذریعے بھی اطلاع دی جائے گی تاکہ مستحق خاندانوں کو بروقت معلومات اور سہولت فراہم کی جا سکے۔ بلال یاسین نے کہا کہ خوابوں کو حقیقت بنتے دیکھنے والے ہزاروں خاندانوں کی دعاؤں سے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ ہم سیاست نہیں بلکہ خدمت کی نیت سے آئے ہیں، آج دنیا اس پروگرام کی کامیابی دیکھ رہی ہے۔وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ انشاء اللہ پنجاب کے ہر ضلع میں گھروں کی تعمیر عوامی خدمت کی نشانی ہوگی اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک پہنچائے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button