برطانوی ہائی کمیشن کے وفد کی سیکرٹری بلدیات سے ملاقات،بلدیاتی اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن پر تبادلہ خیال

برطانوی ہائی کمیشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کے روز سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب زید بن مقصود سے ملاقات کی، جس میں بلدیاتی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور پبلک فائنینشل مینجمنٹ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نیشنل گورننس پروگرام کے تحت بلدیاتی اداروں کے مالیاتی امور کو مزید مستحکم کرنے کے لیے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مابین باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود نے وفد کو بلدیاتی اداروں میں جاری ڈیجیٹل اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی بجٹ، اکاؤنٹنگ اور پے رول سسٹمز کو مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی فنڈز کی سخت مانیٹرنگ اور مالیاتی نگرانی کو مضبوط بنانے کے لیے تمام مالیاتی لین دین (Financial Transactions) کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، جس سے فنڈز کا شفاف اور منصفانہ استعمال ہر صورت یقینی ہوگا۔ملاقات کے دوران برطانوی وفد کو چائلڈ میرج ر یسٹرینٹ ایکٹ اور یونین کونسل کی سطح پر کی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ یونین کونسلز میں پیدائش، موت اور شادی کی رجسٹریشن کا نظام انتہائی آسان اور ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔ اب شہری پاک آئی ڈی (Pak-ID) ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے ان اہم ترین واقعات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔ مزید برآں، عوام کی سہولت کے لیے پیدائش اور وفات کی رجسٹریشن کو 7 سال تک کے لیے بالکل مفت کر دیا گیا ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے اس وفد کی قیادت ہیڈ آف گورننس ڈاکٹر ڈومینک روہن پیریرا اور سینئر گورننس ایڈوائزر میری کیٹ تھامسن کر رہے تھے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن ارشد بیگ، سپیشل سیکرٹری سپیشل انیشیٹوز موسیٰ رضا اور ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ بینش فاطمہ نے بھی برطانوی وفد کے دیگر ارکان کے ہمراہ شرکت کی۔

جواب دیں

Back to top button