*قرآن سے وابستگی ہی فلاح و کامیابی کا اصل راستہ ہے – انیلہ محمود*

حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور کی ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ اور نگران مدرسات ٹریننگ انیلہ محمود نے پریس کلب لاہور میں منعقدہ استقبالِ رمضان لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک رب کی رحمتوں کی برسات کا مہینہ ہے۔ یہ وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خصوصی عنایات فرماتا ہے اور قرآنِ مجید کی صورت میں رب کے کلمات کی برسات نازل ہوتی ہے، مگر اس سے مستفید ہونا ہر ایک کو نصیب نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ “ہر دل تک قرآن” حلقہ خواتین جماعت اسلامی کا عزم ہے، اور رمضان المبارک اس عزم کو عملی جامہ پہنانے کا بہترین موقع ہے۔

قرآن کا علم سیکھنے اور سمجھنے کی خواہشمند خواتین کے لیے جماعت اسلامی کی خدمات ہر سطح پر حاضر ہیں۔ چاہے کوئی دورۂ قرآن کرنا چاہے، کوئی شارٹ کورس میں حصہ لینا چاہے یا کسی بھی انداز میں دین اور قرآن سے جڑنا چاہے، حلقہ خواتین کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔انیلہ محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہدایت پانے کے لیے اپنی مصروفیات کو منظم (manage) کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ سچی طلب رکھنے والوں کو اللہ تعالیٰ اپنی رحمت میں لپیٹ لیتا ہے۔ جب مانگنے والا پکارتا ہے تو رب کی رحمت جوش میں آتی ہے، بلکہ کئی مرتبہ تو دل میں خواہش پیدا ہونے سے پہلے ہی رب عطا فرما دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسا اوقات اللہ تعالیٰ ہماری چھوٹی دعاؤں کے بدلے ہمیں بڑی نعمتیں عطا کر دیتا ہے اور ہماری بڑی بڑی آزمائشوں کو ٹال دیتا ہے۔ ربِ کائنات، جس کے ہاتھ میں دنیا و آخرت کے خزانوں کی چابیاں ہیں، اپنے بندوں کو پکارتا ہے کہ مجھ سے مانگو، میں تم پر رحمتوں کی برسات کر دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک محض عبادات کا مہینہ نہیں بلکہ کردار سازی، معاشرتی اصلاح اور عدل و انصاف کے قیام کا پیغام بھی دیتا ہے۔ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو فرد، خاندان اور معاشرے کو عدل، دیانت اور خدمتِ خلق کی تعلیم دیتا ہے۔

عالمی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت بنگلہ دیش کی عوام اپنی قسمت کا فیصلہ کر رہی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں بہترین اور دیانتدار قیادت نصیب فرمائے۔ اسی طرح پاکستان کے لیے بھی دعا گو ہیں کہ یہاں ایسی قیادت میسر آئے جو عدل قائم کرے، عوام کے حقوق کی حفاظت کرے اور ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی اسلامی ریاست بنانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ رب کے بندے اس زمین پر اللہ تعالیٰ کا نظام جاری و نافذ کرنے کی ذمہ داری ادا کریں، اور اللہ تعالیٰ پاکستان کو عوام کی فکر کرنے والی، انصاف پسند اور دیانتدار قیادت عطا فرمائے۔ انہوں نے تمام خواتین سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کو اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی کا ذریعہ بنائیں، قرآن سے مضبوط تعلق قائم کریں اور اپنے گھروں اور معاشرے میں خیر و اصلاح کا پیغام عام کریں۔ استقبال رمضان میں صحافیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی – اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہناز عاصمہ ، سیکرٹری اطلاعات وسطی پنجاب صفیہ ناصر ، شازیہ محمود اور زیبا گل بھی موجود تھیں –

جواب دیں

Back to top button