بلدیہ عظمیٰ کراچی کا شہر کے تمام ٹاؤنز میں بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کی بحالی کا منصوبہ

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کی سڑکوں کے نظام کو بہتر بنانے اور بلدیاتی خدمات کو مؤثر بنانے کے لیے ایک جامع اور بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر بحالی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے جس کا مقصد شہر کے تمام اضلاع میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنا ہے،یہ فیصلہ محکمہ انجینئرنگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کی، اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے اہم پالیسی ہدایات اور ٹائم لائنز کو حتمی شکل دی گئی،کے ایم سی شہر بھر میں سڑکوں کی وسیع پیمانے پر بحالی کرے گی، اپنی انتظامی حدود میں آنے والی سڑکوں کے علاوہ مختلف اضلاع میں مزید 183 سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بہتر رابطہ اور ہموار ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ تمام اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دی جائے اور عید سے قبل ٹینڈرز جاری کیے جائیں تاکہ فوری طور پر کام کا آغاز ممکن ہو سکے، انہوں نے واضح کیا کہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور منصوبوں کی رفتار وژن کے مطابق ہونی چاہیے،پائیداری اور توانائی کی بچت کے حوالے سے اہم قدم اٹھاتے ہوئے میئر کراچی نے جہانگیر روڈ پر سولر اسٹریٹ لائٹس لگانے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے محکمہ انجینئرنگ اور متعلقہ محکموں کو سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹنگ کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت دی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور روشن سڑکیں میسر آ سکیں،میونسپل کمشنر کے ایم سی سمیرا حسین نے مختلف اضلاع میں سڑکوں کے انتخاب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،میئر کراچی نے ہدایت کی کہ بڑی اور زیادہ ٹریفک والی شاہراہوں کو ترجیح دی جائے اور متبادل راستوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے،انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر کام شروع کرنے سے قبل شہریوں کو ممکنہ رکاوٹوں اور متبادل ٹریفک انتظامات سے بروقت آگاہ کیا جائے جبکہ انتظامیہ باہمی رابطے کے ساتھ کام کرے تاکہ شہری آمدورفت متاثر نہ ہو،میئر کراچی نے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں کوئی مالی رکاوٹ حائل نہیں ہے اور افسران و فیلڈ ٹیموں کو مکمل لگن اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ شہر کو درپیش تمام بلدیاتی مسائل کو چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حل کیا جائے گا اور ہم شہر میں واضح اور دیرپا تبدیلی لانے کے لیے پُرعزم ہیں،میئر کراچی نے کہا کہ وہ خود تمام بڑے منصوبوں کی پیشرفت کی نگرانی کریں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،اجلاس میں مشیر مالیات گلزار ابڑو، سینئر ڈائریکٹر انجینئرنگ جنید اللہ خان، چیف انجینئرز ذوالفقار ابڑو، انیس قائم خانی، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی،بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے، عوامی سہولیات میں اضافہ کرنے اور سال کے اختتام تک کراچی کو ایک نئے، جدید اور ترقی یافتہ شہری منظرنامے میں ڈھالنے کے عزم پر قائم ہے۔

جواب دیں

Back to top button