کراچی( بلدیات ٹائمز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ہفتہ کے روز ابراہیم حیدری میں فیملی پارک کا افتتاح اور مہرالنسا اسپتال روڈ ابراہیم حیدری بذریعہ کورنگی کے تعمیراتی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ علاقہ ویران اور بنجر تھا لیکن اب یہاں بس ٹرمینل اور پبلک پارک قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سفری اور تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں، کورنگی کازوے کی سڑک کی بحالی اور شاہراہ بھٹو کی تعمیر جیسے منصوبے بھی اسی تسلسل کا حصہ ہیں، جو قائدآباد تک پہنچ چکے ہیں جبکہ آئندہ چند ماہ میں کاٹھور تک مزید پیش رفت کی توقع ہے، آئندہ چند روز میں اس کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، صوبائی حکومت ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، بھینس کالونی فلائی اوور کی افتتاحی تقریب بھی جلد متوقع ہے، سو ورکنگ دنوں میں پل کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،

یہ سال ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہے، رواں سال شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر تقریباً 46 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، اس کے علاوہ مزید ترقیاتی کاموں کے لیے حکومت سندھ نے فنڈز مختص کئے ہیں، کراچی کے ساتوں اضلاع میں 25 نئی سڑکیں تعمیر ہوں گی جبکہ اندرونی و مرکزی شاہراہوں سمیت 106 سڑکوں کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل ہے، نیت اچھی ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ بھی مدد کرتے ہیں، آج محبت کے دن کی مناسبت سے میں نے حافظ نعیم آلرحمن کو پھول بھجوادیا ہے، اس مو قع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد،جنرل سیکرٹری پی پی پی کراچی ڈویژن رؤف ناگوری،،MNA سید آغا رفیع اللہ اور MPA محمود جاموٹ، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد اور دیگر پارٹی رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ابراہیم حیدری اور کورنگی کے عوام کا دیرینہ مسئلہ بلدیہ عظمیٰ کراچی حل کرنے جا رہی ہے، پی ایف گیٹ کی ازسرنو تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے لاکھوں افراد روزانہ اس سڑک کو استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں بڑے اسپتال اور صنعتی ادارے موجود ہیں، اس لیے سڑک کی تعمیر سے قبل نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا ضروری سمجھا گیا، اس منصوبے پر تقریباً 45 سے 50 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے اور وسائل بلدیہ عظمیٰ کے پاس موجود ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے 120 پمپنگ اسٹیشن لوڈشیڈنگ سے متاثر ہیں، جنہیں مرحلہ وار سولرائز کیا جا رہا ہے تاکہ نکاسی آب کا نظام بہتر ہو، ہماری کوشش ہے کہ شہر میں تمام لوگوں کو منصفانہ طریقے سے سب کو پانی دیا جائے، انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کے مسائل بھی حل کررہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے اس برادری کو نمائندگی دی ہے اور ان کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل پر کام جاری ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ جن ٹاؤنز میں منافقین بیٹھے ہیں ان سے پوچھاجائے روڈ کٹنگ کی مد میں جو اربوں روپے ملے ہیں وہ کہاں خرچ کئے گئے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں بعض عناصر ترقیاتی کاموں پر تنقید کرتے ہیں لیکن عملی اقدامات ہی عوام کی خدمت کا معیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کراچی میں رہتے نہیں، انہیں شہری مسائل کا اندازہ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں سندھ اسمبلی میں صوبوں کی تقسیم سے متعلق قرارداد مسترد ہوئی جبکہ سندھ اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اس حوالے سے مختلف سیاسی آراء سامنے آتی رہی ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم اور بلدیہ عظمیٰ کراچی مل کر شہری ترقی کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سفاری پارک اور کراچی چڑیا گھر میں کرکٹ میچ دکھانے کے انتظامات کرنے کا اعلان بھی کیا اور شہریوں کو مدعو کیا کہ وہ وہاں آکر میچ دیکھیں، انہوں نے کہا کہ آج ویلنٹائن ڈے کے موقع پر خوشیوں کا دن ہے اور شہر میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔





