سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت اجلاس،پنجاب بھر میں یکساں ترقی کیلئے جامع پلاننگ،میگا پراجیکٹس تیز کرنے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں بلاتعطل اور یکساں ترقی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مالی سال 2026-27 کی مجوزہ ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ واسا، ہارٹیکلچر، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور دیگر ذیلی اداروں کی ترقیاتی منصوبہ جات بھی پیش کیے گئے۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے اجلاس کے دوران اہم امور پر واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے صاف پانی، سینی ٹیشن اور دیگر میگا پراجیکٹس کی منصوبہ بندی آئندہ ماہ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے حوالے سے بھی جامع پلاننگ مکمل کرنے پر زور دیا۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے مسائل کے فوری حل اور شہری و دیہی علاقوں میں یکساں ترقیاتی منصوبے متعارف کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق تمام منصوبہ بندی مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونی چاہیے اور زیر زمین پانی کو ری چارج کرنے کے مزید منصوبے متعارف کروائے جائیں گے۔ انہوں نے بہتر پلاننگ کے تحت زیر تعمیر گلیوں اور سڑکوں میں سروس کوریڈورز قائم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مستقبل میں بار بار سڑکیں اور گلیاں اکھاڑنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، جس سے وسائل کی بچت اور شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے ویسٹ واٹر اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام، میگا پراجیکٹس کے لیے بروقت زمین کی خریداری یقینی بنانے اور تمام منصوبوں کو عوامی فلاح و بہبود سے ہم آہنگ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ سینی ٹیشن نظام میں بہتری سے عوام کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ واٹر سپلائی منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں ترقیاتی عمل کو تیز، منظم اور پائیدار بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

Back to top button