*میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی میں جدید سہولیات سے آراستہ اسپورٹس کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھ دیا*

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی میں منگھوپیر ٹاؤن کے علاقے پختون آباد میں کیپٹن کرنل شیر خان اسپورٹس گراؤنڈ اور فیملی پارک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری رؤف ناگوری،کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان،ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز بروہی، مفتی خالد، منتخب نمائندے سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،میئر کراچی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع غربی میں کھیلوں کے فروغ کیلئے یہ ایک اہم منصوبہ ہے اور نوجوانوں کو معیاری اسپورٹس سہولیات فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر مجموعی لاگت 186.994 ملین روپے آئے گی جس میں سول و آرکیٹیکچر ورک پر 82.54 ملین روپے اور لینڈ اسکیپنگ کیلئے 26.73 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، الیکٹریفکیشن ورک کیلئے 45.98 ملین روپے جبکہ انجینئرنگ سہولیات کیلئے 12.29 ملین روپے خرچ ہوں گے، انڈر گراؤنڈ و واٹر سپلائی پر 2.18 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ پبلک ہیلتھ اور پلمبنگ ورک بھی منصوبے کا حصہ ہیں

،میئر کراچی نے کہاکہ اسپورٹس گراؤنڈ 14,730 اسکوائر یارڈ رقبے پر مشتمل ہوگا جہاں فٹبال اور کرکٹ کیلئے علیحدہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، منصوبے میں 8فٹ چوڑا جاگنگ ٹریک، شجرکاری، باؤنڈری وال اور مین گیٹ کی تعمیرِ نو، نئے پویلین کی تعمیر اور پارکنگ کی سہولت بھی شامل ہے جبکہ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کیلئے وسیع پارکنگ ایریا مختص کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ فیملی پارک تقریباً 2705 اسکوائر یارڈ رقبے پر قائم کیا جائے گا جہاں جاگنگ ٹریک، گرین ایریاز، گزیبو، بیٹھنے کی بنچز اور بچوں کے کھیلنے کا ایریا بنایا جائے گا جبکہ اسٹریٹ لائٹس اور پارک لائٹس کی تنصیب بھی منصوبے میں شامل ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پختون آباد میں یہ گراؤنڈ چائنہ کٹنگ اور قبضہ مافیا سے بچ گیا تھا تاہم یہاں کھیلوں کی سہولیات نہ ہونے کے باعث نوجوان محروم تھے اور گراؤنڈ خالی ہونے کی وجہ سے اس پر قبضے کا خدشہ بھی موجود تھا، انہوں نے کہا کہ مقامی تنظیم اور منتخب نمائندے مفتی خالد نے اس مسئلے کی نشاندہی کی اور بتایا کہ علاقے میں بزرگوں، خواتین اور بچوں کیلئے گراؤنڈ اور فیملی پارک کی سہولت بھی دستیاب نہیں،میئر کراچی نے کہا کہ مٹی کی زمین کو جدید اور بہترین اسپورٹس گراؤنڈ میں تبدیل کیا جائے گا،پاکستان پیپلز پارٹی جب کوئی اعلان کرتی ہے تو اسے پورا بھی کرتی ہے اور یہی روایت یہاں بھی برقرار رکھی جا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ وہی کے ایم سی، وہی قوانین، اختیارات اور وسائل موجود ہیں، فرق صرف قیادت اور نیت کا ہے اور وسائل کو ایمانداری سے عوام کی فلاح پر خرچ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی بین الاقوامی طرز کا کرکٹ گراؤنڈ، فٹبال گراؤنڈ، پارک اور واکنگ ٹریک تعمیر کررہی ہے جبکہ منصوبے کو جون کے آخر تک کام مکمل کر لیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ ضلع غربی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے ڈیڈیکس روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا جو گزشتہ چالیس برسوں سے تعمیر نہیں ہو سکی تھی، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہر کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کر رہی ہے اور عوامی وسائل کو عوام کی بہتری پر خرچ کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ ہم دوسروں کی طرح نہیں کہ خالی زمین دیکھ کر ذاتی مفادات کیلئے استعمال کریں بلکہ کھیلوں کے میدان اور پارکس بنا کر شہریوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا رہا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ موجودہ سال کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سال ہے اور شہر پر 46 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جن کے نتائج عملی طور پر نظر بھی آ رہے ہیں،اس کے علاوہ ساڑھے آٹھ ارب روپے کے مزید ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی حاصل کی جا چکی ہے جس سے شہر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کا عمل مزید تیز ہوگا،انہوں نے بتایا کہ حب ریزروائر کی صفائی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں جہاں گزشتہ پینتالیس برسوں سے پندرہ فٹ تک مٹی جمع ہو چکی تھی، 15 ایم جی ڈی کے حب ریزروائر میں سے ساڑھے سات ایم جی ڈی کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ باقی ساڑھے سات ایم جی ڈی پر کام جاری ہے جو آئندہ چند دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا،میئر کراچی نے کہا کہ ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے کراچی کے ساتوں اضلاع میں 25 نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جو مختلف شاہراہوں کو آپس میں منسلک کریں گی، ان سڑکوں کی تعمیر سے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت میسر آئے گی اور ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے گی، انہوں نے کہا کہ منگھو پیر کی ایک اور یونین کونسل میں کمیونٹی سینٹر کا افتتاح بھی کیا جائے گا جبکہ یوسف گوٹھ میں نالے اور سیوریج کے کام مکمل کئے جا چکے ہیں اور وہاں کے پمپنگ اسٹیشن کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیا گیا ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں میں اتحادی جماعتیں بھی ساتھ کھڑی ہیں اور سب کو ساتھ لے کر بلا تفریق ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں کیونکہ کراچی مختلف مذاہب، قومیتوں اور سوچ رکھنے والے لوگوں کا گلدستہ ہے،انہوں نے کہا کہ کام ہو رہا ہے اور کام ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا، یہ میرا شہر ہے اور اس کے لوگ میرے اپنے ہیں، ہم سب کو مل کر شہر کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں حقیقی بہتری کا سفر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری رہے گا اور کراچی کی ترقی اور عوامی فلاح کیلئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے دوران بعض عناصر کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، تاہم بلدیہ عظمیٰ کراچی کام کی رفتار کم نہیں ہونے دے گی اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ جس ٹھیکیدار کو کام نہیں ملتا وہ شکایات اور الزام تراشی شروع کردیتا ہے مگر ہماری ترجیح کام کو شفاف انداز میں کم سے کم وقت میں مکمل کرنا ہے،میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ جب ترقیاتی منصوبے شروع ہوتے ہیں تو سوالات اور اعتراضات بھی سامنے آتے ہیں جس سے بعض اوقات کام میں تاخیر ہوتی ہے تاہم شہر کی بہتری کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے،کراچی بہتر ہوگا تو ملک کی مجموعی صورتحال بھی بہتر ہو گی،انہوں نے وزیر اعظم اور وفاقی وزراء سے کہوں گا کہ وہ کراچی کی ترقی کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ساتھ دیں اور شہر کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں،وفاقی حکومت کی حمایت سے ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی آئے گی اور شہری مسائل کے حل میں مدد ملے گی، میئر کراچی نے کہا کہ بجٹ میں کراچی کے چار کوریڈورز کی منظوری حاصل کی جا چکی ہے اور اس وقت ان منصوبوں کی ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے، پہلوان گوٹھ سمیت مختلف علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالی سے آگاہ ہیں اور مرزا آدم خان روڈ کو گارڈن سے مچھر کالونی تک از سر نو تعمیر کیا جائے گا جبکہ صہبا اختر روڈ اور میشم روڈ بھی اس منصوبے میں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ بعض افراد کے ذاتی مفادات اور نمائشی بیانات نے ماضی میں شہر کو نقصان پہنچایا، تاہم موجودہ بلدیاتی قیادت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ہر علاقے تک پانی کی فراہمی ہمارا ہدف ہے اور اس کیلئے حب ڈیم، کے فور منصوبے، ڈی سیلینیشن اور پانی کی ری سائیکلنگ جیسے منصوبوں پر کام جاری ہے، میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے شہر کے مسائل حل کئے جائیں گے، آخر میں انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔

جواب دیں

Back to top button