وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت 51 میں سے 46 شہروں کیلئے ورک آرڈر جاری ہوچکا ہے جبکہ کامونکی، بھلوال، چک جھمرہ، کھڈیاں، کبیر والہ کے ورک آرڈر اسی ماہ جاری ہوجائیں گے۔ سول سیکرٹریٹ میں پی ڈی پی سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں تکنیکی ابھی مراحل طے ہو رہے ہیں وہاں بھی ابتدائی کام کا آغاز کر دیا جائے۔
زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کے لئے کھدائی کا عمل بھی شروع کر دیا جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) اسد محمود، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی،ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز اور سیکرٹری بورڈ نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر نے نیسپاک کے ماہرین کو زیرالتوا امور جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح طور پر خبردار کیا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی طرف سے جو ٹائم لائن مقرر کی گئی ہے اس میں ایک دن بھی توسیع نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 39 سٹارم واٹر ڈرینز، 12 ٹرنک سیورز، 9 ڈسپوزل سٹیشنز کا ڈیزائن اپ ڈیٹ ہوچکا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی 304 ارب روپے کا میگا پراجیکٹ ہے جس کے تحت شہروں میں 5 ہزار 397 کلومیٹر سیور لائنز بچھائی جائیں گی۔ سٹارم واٹر ڈرینز کی مجموعی لمبائی 181 کلومیٹر ہوگی جبکہ 67 زیرزمین ٹینک بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ واٹر پلانٹس میں یومیہ 323 ملین گیلن پانی ٹریٹ کرنے کی صلاحیت ہوگی۔وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ موسم برسات سے قبل ڈرینز اور سیور کا کام مکمل ہوجانا چاہیئے۔ وہاڑی، علی پور چٹھہ، جوہر آباد، جلالپور جٹاں، حاصلپور میں کام تیزی سے جاری ہے۔ لائننگ پائپوں کے لئے فیکٹریوں کی تنصیب کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ 6 ہزار کلومیٹر گلیوں سڑکوں کی تعمیر و بحالی بھی پی ڈی پی کا حصہ ہے۔ پہلی بار جامع ماسٹر پلاننگ کے ذریعے اگلے 25 سال تک کی آبادی کی ضروریات مدنظر رکھ کر سکیمیں بنائی گئی ہیں۔





