ترکیہ کی طرز پر صفائی کی جدید مشینری مقامی سطح پر تیار کرنے کا جائزہ،پاک سوزوکی کمپنی کے ساتھ بائیوفیول کی تیاری کیلئے ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے،ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس میں ویسٹ ٹو ویلیو فیز اور ترکیہ میں زیر استعمال صفائی کی جدید مشینری مقامی سطح پر تیار کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر سہیل کیفی نے بھی شرکت کی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ سُتھرا پنجاب اتھارٹی کا قیام ویسٹ ٹو ویلیو فیز کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی لکھوڈیر لینڈفِل سائٹ پر جنریٹرز کے ساتھ 15 میگاواٹ بجلی پیدا ہوسکتی ہے۔ بجلی کی پیداوار میں بتدریج اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے مارچ تک سٹڈی مکمل اور تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاک سوزوکی کمپنی کے ساتھ بائیوفیول کی تیاری کیلئے ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سُتھرا پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال ہے۔ کوڑے کی ضروری چھانٹی کے ذریعے ویسٹ سے نامیاتی کھاد بھی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے ویکیوم اور ٹریکٹر والے سویپر مقامی سطح پر تیار کئے جائیں گے جس سے صفائی کے میکانزم کو تقویت ملنے کے ساتھ معیشت کو بھی فروغ مل سکے گا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے سُتھرا پنجاب اتھارٹی کی ٹرانزیشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ ٹو ویلیو فیز میں نجی شعبے کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاربن کریڈٹس حاصل کرنے کی جانب تیزی سے سفر جاری ہے۔ اس ضمن میں جلد پیشرفت ہوگی۔

جواب دیں

Back to top button