میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی میں 35 کروڑ 83 لاکھ روپے کی لاگت سے نئی سڑک اور نکاسی آب منصوبے کا سنگِ بنیادرکھ دیا

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی میں خواجہ اجمیر نگری چورنگی سے ڈیڈیکس روڈ منگھوپیر تک نئی سڑک اور ڈرینیج سسٹم کی تعمیر کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری رؤف ناگوری،کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان،منتخب نمائندے اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں ٹریفک کی روانی اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری آئے گی، منصوبے کی تخمینی لاگت 35 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد ہے جبکہ تقریباً دو کلومیٹر طویل اور 9.9 میٹر چوڑی سڑک تعمیر کی جائے گی جس کے دونوں اطراف فٹ پاتھ اور کرب بلاکس بھی نصب ہوں گے،منصوبے میں اسٹورم واٹر ڈرینیج سسٹم کی تنصیب، مختلف مقامات پر 48 انچ قطر کی لائن کی مرمت اور پانی کی فراہمی کیلئے نئی سپلائی لائن بچھانے کا کام شامل ہے، اس کے ساتھ سیوریج نظام کی بہتری کیلئے مین ہولز کی ریزنگ اور سیوریج لائن کی ونچنگ بھی کی جائے گی تاکہ برساتی پانی کی نکاسی مؤثر بنائی جا سکے اور شہریوں کو درپیش مسائل میں کمی آئے،انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر بھر میں انفرااسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو جدید اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج وہ جس مقام پر کھڑے ہیں وہاں ماضی میں کبھی سڑک تعمیر نہیں کی گئی، مختلف سیاسی جماعتیں آئیں، بڑے وعدے کئے مگر عملی کام نہ ہوسکا، انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ایک کارکن کو میئر کراچی بنانے کا اعتماد دیا جو ان کے لئے اعزاز ہے،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی مختلف قومیتوں کا گلدستہ ہے اور اس گلدستے کی خوبصورتی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، منگھوپیر کے عوام کا دیرینہ مسئلہ پیپلز پارٹی نے حل کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کراچی کے ہر علاقے کو شارع فیصل جیسا بنایا جائے مگر بدقسمتی سے یہاں سے منتخب ہونے والے نمائندے کامیابی کے بعد واپس آ کر عوام کا حال نہیں پوچھتے،انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نمائندے کراچی کے ہر علاقے میں جا کر عملی طور پر کام کر رہے ہیں، منگھوپیر میں معیاری گراونڈ اور کمیونٹی سینٹر تعمیر کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ منافقین اور حاسدین کا جواب کارکردگی سے دیا جائے گا اور یہ سال کراچی کی ترقی کا سال ثابت ہوگا،انہوں نے بتایا کہ شہر کی ترقی کے لئے 46 ارب روپے خرچ کرنے پر کام جاری ہے اور تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی سرگرمیاں ہو رہی ہیں، جلد شاہ فیصل عظیم پورہ برج کا افتتاح کردیا جائے گا، پیپلز پارٹی کے منشور اور بلاول بھٹو زرداری کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں گے اور عوام کو بتایا جائے گا کہ کس نے وعدہ کیا اور کس نے اسے نبھایا،انہوں نے کہا کہ اس شہر میں بڑے بڑے نیک لوگ گزرے ہیں مگر ماضی میں حب ریزروائر کی صفائی پر توجہ نہیں دی گئی جس کا عمل اب پیپلز پارٹی نے شروع کر دیا ہے، منگھوپیر میں نیا پمپنگ اسٹیشن قائم کیا جائے گا جبکہ مومن آباد میں پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر جاری ہے، گلشن حدید اور لیاری میں بھی پانی کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں جبکہ رمضان سے قبل حب ریزر وائر کی صفائی اور دیگر مسائل بھی حل کیے جائیں گے،کراچی کے ساتوں اضلاع میں بلا تفریق ترقیاتی کام جاری ہیں اور عوام کو اس کے ثمرات جلد ملیں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی کے میئر یہ بیان دیتے تھے کہ وسائل اور اختیارات نہیں ہیں لیکن اب کام کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ، شاہراہ بھٹو اور مرغی خانہ برج پر تیزی سے کام ہو رہا ہے،انہوں نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا کہ کے ایم سی گل پلازہ کے دکانداروں کو پولو گراؤنڈ بارہ دری میں 1200 اسٹالز لگا کر دے گی، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، سندھ حکومت اور کے ایم سی سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، رمضان المبارک تاجروں کا سیزن ہوتا ہے انکی ہر ممکن مدد کرینگے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اسلام آباد کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دہشتگردی کی ہر فورم پر مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا واقعہ کہیں بھی ہو اس کی مذمت کی جائے گی، اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعے پر دلی رنج اور افسوس ہے،میئرکراچی نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ جمعہ کی نماز کے دوران عبادت گاہ کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے، انہوں نے واضح کیا کہ عبادت گاہوں پر حملے انسانیت اور معاشرتی اقدار کے خلاف ہیں،انہوں نے زخمیوں کے لیے فوری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا اور کہا کہ دہشتگردی کے ایسے واقعات پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور امن دشمن عناصر کا مقابلہ اتحاد اور یکجہتی سے کرنا ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button