کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نئے سیکٹرز میں ڈیویلپمنٹ ورک کا جائزہ اور الاٹیز کو جلد قبضہ دینے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منعقدہ اس اہم اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر C-14 میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کام تکمیلی مراحل میں ہے اور سیکٹر C-14 میں پلاٹس کا قبضہ الاٹیز کے حوالے کرنے کیلئے تیار ہیں۔

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سلسلے میں سیکٹر C-14 میں پلاٹس کے قبضہ کی حوالگی کا عمل جلد ہی شروع کردیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سیکٹر C-14 میں اسٹریٹ نمبرز آویزاں اور گوگل میپ پر مقام کی نشاندہی کے عمل کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔متعلقہ افسران نے سیکٹر E-12 کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر E-12 کے سب سیکٹرز 1 اور 2 میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر E-12 کے سب سیکٹرز 1 اور 2 میں پلاٹس بھی الاٹیز کو قبضہ حوالگی کیلئے تیار ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سیکٹر E-12 کے داخلی راستے کی کلیئرنس کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکٹر E-12 سے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو قانون کے مطابق ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر E-12 میں گوگل میپ پر پلاٹس کے مقام کی نشاندہی کے عمل کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر I-12 کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر I-12 میں تقریباً تمام رہائشی و کمرشل پلاٹس پلاٹس ڈویلپڈ کئے جاچکے ہیں اور جلد ہی ڈویلپڈ پلاٹس مالکان کو قبضے دینے کے عمل کا باقاعدہ آغاز کردیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہریوں کو انکے تیار شدہ پلاٹوں پر قبضہ فراہم کرنا سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں اس عمل کا جلد آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نئے سیکٹرز میں ڈیویلپڈ پلاٹس کا قبضہ دہائیوں کے بعد کرنے جا رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام سیکٹرز میں پلاٹوں کی نشاندہی گوگل میپ پر کی جائے اور شہریوں کو انکے پلاٹس کی لوکیشن کی معلومات فراہم کی جائیں اور ہدایت کی کہ تمام سیکٹرز میں نہ صرف پلاٹس حوالگی کے عمل کو تیز کیا جائے بلکہ باقی ماندہ ڈویلپمنٹ ورک اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کرنے کیلئے نئے سیکٹرز کی ڈیولپمنٹ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔





