چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے F-8 مرکز میں واقع ای۔اسٹیمپ سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے روایتی اسٹیمپ پیپرز کی جگہ جدید تقاضوں کے عین مطابق اسلام آباد میں ای-سٹیمپ پیپرز کے کامیاب اجراء کے عمل کا جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو ای۔اسٹیمپ پیپرز کے اجراء کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ای-اسٹامپ پیپر کا نظام ٹیسٹنگ فیز کے بعد کامیابی کیساتھ نافذ العمل کیا گیا ہے اور ای۔اسٹامپ پیپر کا نظام ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے ون لنک کے ساتھ مکمل منسلک ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ اس ضمن میں پی ایل آر اے نے آئی سی ٹی انتظامیہ کیساتھ ملکر ای-سٹیمپ پیپرز کا ڈیزائن اور ڈیجیٹل طریقہ کار وضع کیا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ای-سٹیمپ پیپر کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیا اور ای-سٹیمپ سینٹر میں آنے والے شہریوں سے ای-اسٹامپ پیپرز پر فیڈ بیک اور مسائل بھی دریافت کئے۔ انہوں نے ای-سٹیمپ پیپرز کے حوالے سے شہریوں سے انکی آراء اور فیڈ بیک کی روشنی میں میکنزم کو مزید سہل بنانے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ڈیجیٹل اسلام آباد وژن کے مطابق ای-اسٹیمپ پیپر کے نظام سے اسلام آباد شہر میں کیش لیس اکانومی کو فروغ حاصل ہوگا۔ اسی طرح شہریوں کو لین دین، پراپرٹیز کے ٹرانسفر، انتقال، خرید و فروخت وغیرہ کے سلسلہ میں آسانی ہوگی۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ ان اقدامات سے لین دین میں شفافیت کیساتھ دھوکہ دہی اور فراڈ کے خاتمے کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ای-گورننس ماڈل کو اپنانا اور سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لانا ہے۔






