اسلام آباد اور راولپنڈی میں پانی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے شاہدرہ اور دوتارہ ڈیموں کی تعمیر کے حوالے اہم اجلاس

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جڑواں شہروں میں پانی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے حوالے سے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔

جسمیں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، واپڈا، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے)، راولپنڈی کینٹ بورڈ، پنجاب سمال ڈیمز کے نمائندگان اور اسلام واٹر (سی ڈی اے) کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں پانی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے شاہدرہ اور دوتارہ ڈیموں کی تعمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ جڑواں شہروں میں پانی کی قلت کے مسئلے کو ہمیشہ کیلئے حل کرنے کیلئے دونوں ڈیمز کی تعمیر انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنوں ڈیموں کے منصوبوں کو ترجیح بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شاہدرہ ڈیم منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی واپڈا کی جانب سے مکمل کرلی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فیزیبلٹی اسٹڈی کے مطابق شاہدرہ ڈیم کی سائیٹ ڈیم کی تعمیر کیلئے انتہائی موزوں ہے۔ اس سلسلے میں شاہدرہ ڈیم منصوبے کے تفصیلی ڈیزائن کیلئے نیسپاک کے کنسلٹنٹس کام کا آغاز کر رہے ہیں۔اجلاس میں واپڈا اور نیسپاک کنسلٹنٹس کی ٹیموں کی جانب سے جلد مشترکہ طور پر شاہدرہ ڈیم کی سائیٹ کے دورے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دورے میں جیو ٹیکنیکل انویسٹیگیشن اور ہائیڈروو لوجیکل اسٹڈیز کا جائزہ لیا جائیگا۔دوتارہ ڈیم منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ واپڈا فیزیبلٹی اسٹڈی پر کام کررہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ دوتارہ ڈیم کی فیزیبلٹی اسٹڈی کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائنز کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطوں کو یقینی بناتے ہوئے دونوں ڈیموں کی تعمیر کے عمل کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

جواب دیں

Back to top button