چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ نظام کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بلڈنگ کنٹرول اینڈ ہاؤسنگ، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انوائرمنٹ، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، چیف آفیسر ایم سی آئی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ انتظامات کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی ستھرائی سے متعلق مسائل کے فوراً حل کیلئے ایک جامع نظام ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اسلام آباد بھر میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا جائیگا۔اجلاس میں شہر بھر میں سیکنڈری و پرائمری کولیکشن کو بہتر بنانے کیلئے نئی مشینری اور افرادی قوت کو فورا پورا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جدید آلات، مشینری، افرادی قوت اور منصوبہ بندی پر خصوصی توجہ دی جائیگی۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے مختلف اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں کوڑے کے کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر میں نصب کوڑے کے خراب کنٹینرز کی مرمت کا کام بھی کیا جائیگا اور صفائی کیلئے کوڑے کی ٹرالیاں میں بھی اضافہ کیا جائیگا۔ اسی طرح کوڑا تلف کرنے کیلئے شہر بھر میں ڈسٹ بینز نصب کئے جائینگے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ کمرشل مراکز میں تھری بن (تین ڈبے) نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوڑے کو علیحدہ کرکے ری سائیکل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل و تجارتی مراکز میں مقامی تاجروں کو بھی صفائی ستھرائی کی مہم میں شامل کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مقامی لوگوں کیلئے محلہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مراکز اور کمرشل ایریاز میں کوڑا کرکٹ پھیلانے والے عناصر کیخلاف چالان اور جرمانے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریستورانوں سے پھیلائے جانے والے کوڑے کرکٹ کیخلاف اسلام آباد فوڈ اتھارٹی بھی کارروائیاں کرے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے عمل کی مانیٹرنگ کیلئے24/7 کنٹرول روم قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ہیلپ لائنز نمبرز شہر بھر کی ڈیجیٹل اسکرینز میں عوام کی آگاہی کیلئے آویزاں کئے جائیں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فیلڈ عملے کیلئے فوری رسپانس کیلئے وائرلیس سیٹ اور نئے یونیفارمز کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف ایریاز میں کوڑا کرکٹ اٹھانے والے افراد (سکیوینجرز) کیلئے لائسنسنگ اور رجسڑیشن کا عمل کا آغاز کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان تمام اقدامات سے اسلام آباد کی صفائی ستھرائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئیگی اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو صاف ستھرا شہر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔





