منتخب عوامی نمائندگان تحصیل حسن خیل کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ بلدیات و دیہی ترقی تحصیل حسن خیل، ملک ارشد خان نے تحصیل حسن خیل کے منتخب عوامی نمائندگان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تقریب تحصیل چیئرمین حفیظ الرحمن اور تمام ویلیج کونسلز کے چیئرمینوں کی آئینی مدت مارچ میں مکمل ہونے کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔جس میں ویلیج کونسل کے تمام سیکرٹریز بھی شرکت کرینگے ۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوامی نمائندگان کی جانب سے اپنے دورِ ذمہ داری میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، مقامی مسائل کی بروقت نشاندہی اور نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں مؤثر کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منتخب نمائندگان نے ہر مشکل وقت میں محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے عوامی خدمت کی بہترین مثال قائم کی۔الوداعی تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عوامی نمائندگان کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا جائے گا جبکہ ان کی عوامی خدمات اور بلدیاتی نظام کے استحکام میں کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک ارشد خان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی تقاریب سے منتخب نمائندگان، سرکاری اداروں اور ملازمین کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے، باہمی مشاورت مضبوط ہوتی ہے اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملتی ہے، جو جمہوری اور بلدیاتی نظام کے استحکام کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلدیاتی نمائندگان کی خدمات مستقبل میں بھی عوامی فلاح اور مقامی طرز حکمرانی کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوں گی.

جواب دیں

Back to top button