کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ کی زیرِ صدارت کوئٹہ واٹر سیکیورٹی اور ریزیلینس ایکشن پلان سے متعلق اہم اجلاس

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیرِ صدارت کوئٹہ واٹر سیکیورٹی اور ریزیلینس ایکشن پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں زیرِ زمین پانی کے تیزی سے کم ہوتے ذخائر، پانی کے غیر ضروری و غیر قانونی استعمال کی روک تھام اور مستقبل میں پانی کی دستیابی یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایک جامع ایمرجنسی ایکشن پلان پر غور کیا گیا جس کے تحت رین واٹر ہارویسٹنگ، ریچارج پوائنٹس کے قیام، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، اور زرعی شعبے میں اسپرنکلر و ڈرپ ایریگیشن کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ایکشن پلان کے لیے جو مختص بجٹ رکھا جائے گا اسے مؤثر اور درست انداز میں استعمال کیا جائے گا جبکہ اس منصوبے کی تکمیل میں ورلڈ بینک، اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور مختلف این جی اوز بھی تعاون فراہم کریں گی تاکہ کوئٹہ کو مستقبل کے شدید آبی بحران سے بچایا جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ محکمہ واسا، ایریگیشن، زراعت، جنگلات اور پی ڈی ایم اے کے نمائندگان پر مشتمل واٹر کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو باہمی تعاون سے تمام امور کی نگرانی کرے گی۔ ایکشن پلان کے تحت نہ صرف پانی کے ذخائر کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ برساتی اور سیلابی پانی کو مؤثر انداز میں استعمال میں لانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ ایک جانب پانی کی کمی پر قابو پایا جا سکے اور دوسری جانب سیلابی تباہ کاریوں سے شہریوں، ان کے گھروں اور املاک کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button