رمضان المبارک 2026 کے انتظامات: ایم ڈی واسا غفران احمد کی زیرِ صدارت اہم اجلاس،ٹیوب ویل آپریشن کے اوقات کار کےدورانیہ

حکومتِ پنجاب کے وژن کی روشنی میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد کی زیرِ صدارت رمضان المبارک 2026 کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ڈائریکٹرز آپریشنز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کو ماہِ مقدس کے دوران بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں شہر بھر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ سیوریج اور ڈرینیج کے نظام کو بھی ہر صورت فعال رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام لاری ہائیڈرینٹس اور فائر ہائیڈرینٹس مکمل طور پر فنکشنل رہیں گے اور ٹیوب ویلز و ڈسپوزل اسٹیشنز میں کسی بھی تکنیکی خرابی کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔اجلاس میں مساجد کے اطراف سیوریج لائنوں کی خصوصی صفائی، ڈی سلٹنگ اور مین ہول کورز کی مرمت کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ شہریوں کی حفاظت کے پیشِ نظر کھلے مین ہولز کو فوری طور پر کور کرنے اور کھدائی والے مقامات پر وارننگ سائنز، بیری کیڈز اور ریفلیکٹو ٹیپس لگانے کا بھی حکم دیا گیا۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے مزید ہدایت کی کہ تمام ٹاؤن آفسز میں ہنگامی شکایتی مراکز چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا واسا کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا ہر سب ڈویژن میں سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں خصوصی ٹیمیں الرٹ رہیں گی اور پانی و سیوریج سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔اجلاس میں رمضان المبارک 2026 کے دوران ٹیوب ویل آپریشن کے اوقات کار بھی جاری کیے گئے جن کے مطابق شہر بھر میں پانی کی ترسیل چار اوقات میں یقینی بنائی جائے گی:پہلا دورانیہ: صبح 3:15 سے 5:30 بجے تک ہوگا۔

دوسرا دورانیہ: صبح 8:00 سے 10:00 بجے تک ہوگا۔تیسرا دورانیہ: دوپہر 12:00 سے 2:00 بجے تک ہوگا۔چوتھا دورانیہ: شام 5:00 سے رات 8:45 بجے تک ہوگا۔ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ تمام ٹیوب ویلز کے اوقات کار واضح طور پر ٹیوب ویل کے دروازوں پر آویزاں کیے جائیں اور سوشل میڈیا و پرنٹ میڈیا کے ذریعے بھی شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔اجلاس کے اختتام پر ایم ڈی واسا غفران احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو پانی کی فراہمی، نکاسیٔ آب اور صفائی ستھرائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

Back to top button