پنجاب ریونیو اتھارٹی میں انفورسمنٹ نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے انتظامی بنیادوں پر لاہور کے 31 انفورسمنٹ افسران کے تبادلے کر دیے گئے ہیں۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے افسران کی نئی تعیناتیوں کی منظوری دی ۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق افسران کے تبادلوں کا مقصد انفورسمنٹ ونگ کی کارکردگی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ نئی تعیناتیوں سے فیلڈ انفورسمنٹ کے نظام میں مزید بہتری اور تیزی آئے گی۔
ترجمان نے کہا کہ ٹیکس قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے فیلڈ افسران کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ ٹیکس چوری اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ افسران کے تبادلوں کا مقصد ریونیو لیکیج کی روک تھام، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور فیلڈ انفورسمنٹ کے نظام کو مزید فعال بنانا ہے۔ فیلڈ آپریشنز میں شفافیت، میرٹ اور مؤثر نگرانی پنجاب ریونیو اتھارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ افسران کی کارکردگی کو ٹیکس وصولی، ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن، ریٹرنز کے اندراج اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کے تناظر میں مزید مانیٹر کیا جائے گا۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ انتظامی بنیادوں پر افسران کی تعیناتیوں میں ردوبدل محکمانہ کارکردگی کو بہتر بنانے کے تسلسل کا حصہ ہے۔ مؤثر انفورسمنٹ کے ذریعے ٹیکس قوانین کی پاسداری، ریونیو میں بہتری اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو مزید یقینی بنایا جائے گا۔





