پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کاہنہ کاچھا،ملتان اور فیصل آباد میں "منڈی مارٹ” کے فلیگ شپ منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا

سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) کے اصلاحاتی اقدامات تیزی سے جاری ہیں اور صوبہ بھر کی زرعی منڈیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عمل میں مزید تیزی لائی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ کاہنہ کاچھا منڈی فیز 1 میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے اہل امیدواروں کی قرعہ اندازی 10 ستمبر 2026 کو ہوگی جس سے تاجر برادری کو جدید کاروباری سہولیات میسر آ سکیں گی۔ڈاکٹر کرن خورشید نے مزید بتایا کہ لاہور کی بادامی باغ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ میں خوبصورتی اور ترقیاتی پروگرام جاری ہے، جس کے تحت منڈی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پھڑی شیڈ کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے۔ یہ نیا شیڈ تقریباً 400 سے زائد پھڑیوں کی گنجائش کا حامل ہوگا اور اسے "سہولت رینٹل ماڈل” کے تحت تیار کیا جا رہا ہے جس سے چھوٹے تاجروں کو خاص طور پر فائدہ پہنچے گا۔سیکرٹری فوڈ سیفٹی نے بتایا کہ پامرا کی جانب سے کاہنہ کاچھا، ملتان اور فیصل آباد میں "منڈی مارٹ” کے فلیگ شپ منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ پاکپتن اور ساہیوال کی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹس میں ترقیاتی کام ،دکانوں کی نیلامی اور شیڈز کی تعمیر مکمل کر لی گئ ہے۔ڈاکٹر کرن خورشید نے ایک اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پامرا مارکیٹ کمیٹیوں نے EFOES ای فاس لیول-3 حاصل کر کے اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے جو نظام کی مؤثریت اور شفافیت کا واضح مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید زرعی مارکیٹنگ نظام سے کاشتکاروں، تاجروں اور صارفین کو جدید سہولیات میسر آئیں گی اس کے ساتھ ساتھ منڈیوں میں گورننس اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا تسلسل مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button