کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو بنیادی سہولیات اور مالکانہ حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے، سینئر ممبربورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں ڈی جی کچی آبادیز محمد شاہد نے ایس ایم بی آر کو پنجاب کی کچی آبادیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران ڈی جی کچی آبادیز نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو بتایا کہ پنجاب میں کل 4300نوٹیفائیڈ کچی آبادیاں ہیں۔جو پنجاب کے 9ڈویژنوں لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، ساہیوال، سرگودھا اور ڈی جی خان ڈویژن میں موجود ہے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ 3200کے قریب کچی آبادیاں دیہی علاقوں میں ہیں جب کہ شہری علاقوں میں کچی آبادیوں کی تعداد 999ہے۔محمد شاہدنے مزید بتایا کہ شہری علاقوں کی 49فیصد کچی آبادیوں کے مکینوں نے تمام سرکاری واجبات ادا کرکے مالکانہ حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ جبکہ دیہی کچی آبادیوں کے ایک ہزار سے زائد رہائشیوں کو حقوق ملکیت دے دیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے ڈی جی کچی آبادی کو ہدایت جاری کی کہ دیہی علاقوں کی کچی آبادیوں کی میرٹ پر سکروٹنی کر کے اگلے چند روز میں رپورٹ جمع کروائیں اور شہری علاقوں کی کچی آبادیوں کے ڈیٹا کی بھی تصدیق کروائی جائے۔ سینئر ممبربورڈ آف ریونیو نے مزید کہا کہ شہری علاقوں کے کچی آبادی کے رہائشیوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کو جلد اور میرٹ پر یقین بنایا جائے اور کسی بھی شہری کی حق تلفی کو برداشت نہ کیا جائے گا۔اس موقع پر شہری کچی آبادیوں کیلئے کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر کی تجویز بھی زیر غور لائی گئی۔ جہاں پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی۔

جواب دیں

Back to top button