اسلام آباد( بلدیات ٹائمز)انچارج پیپلز لیبر بیورو پاکستان چوہدری منظور احمد نے اپنے ایک تحریری بیان میں کہا کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ 2025-26 کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے مزدوروں پر وحشیانہ کریک ڈاؤن کیا۔ بلوچستان میں سینکڑوں ملازمین کو معاشی انصاف کے مطالبے پر پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے حراست میں لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا،یہ طرز عمل کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں۔یہ تشدد حکومت کا اُس بجٹ کے خلاف مزدوروں کی آواز اٹھانے کا جواب ہے جس میں وزراء نے خود 215٪ تنخواہیں بڑھائیں، جبکہ ملازمین کی تنخواہوں میں محض10٪ اور پنشنز میں صرف 7 % اضافہ کیا گیا ہے۔مزدوروں کی فلاح کے لیے مختص ورکرز ویلفیئر فنڈ (WWF) کے پیسوں کا غیرقانونی استعمال،یوٹیلیٹی اسٹورز میں جبری برطرفیاں اور ہر شعبے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرکے قومی اثاثوں کو اونے پونے داموں فروخت کرنا ناقابل قبول ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں: کہ بلوچستان میں تمام گرفتار ملازمین کو فوری طور پر غیر مشروط رہا کیا جائے اور تمام مقدمات واپس لیے جائیں۔

-کراچی پشاور اور لاہور میں محنت کشوں پر تشدد کی بھی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام صوبوں میں محنت کشوں کے خلاف جھوٹے مقدمات واپس لئے جائیں۔






