*پولیو کے خاتمے کےلئے اپنی ذمہ داری نبھائیں، وزیراعلیٰ سندھ کا بلدیاتی نمائندوں کے نام خط*

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک پرزور اور فوری اپیل میں تمام منتخب، بشمول قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی اداروں کے نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیو کے خاتمے کی مہم کی مکمل ذمہ داری اٹھائیں اور آئندہ نسلوں کو اس معذور کن مگر قابلِ تدارک مرض سے بچانے کی کوششوں کی قیادت کریں۔وزیر اعلیٰ نے حکومتی اور اپوزیشن دونوں بینچوں کے ارکان اسمبلی کو ایک تفصیلی خط میں مخاطب کرتے ہوئے زور دیا کہ 26 مئی 2025 کو ہونے والے قومی انسداد پولیو دن سے قبل متحدہ اور تیز تر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ پولیو کا خاتمہ صرف صحت کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک اخلاقی فریضہ ہے۔ ہمارے بچوں کا مستقبل اور ہماری نسلوں کی فلاح و بہبود اس بات پر منحصر ہے کہ ہم اس موذی مرض سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کریں۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی جنگلی پولیو وائرس موجود ہے۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ سال 2024 میں ملک بھر سے جنگلی پولیو وائرس کے 74 کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ ان کیسز میں سے ایک بڑا حصہ سندھ، بالخصوص کراچی اور شمالی اضلاع سے رپورٹ ہوا۔اگرچہ ویکسینیشن کی مہمات جاری ہیں لیکن کئی چیلنجز بدستور درپیش ہیں۔ بچوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی ویکسین سے محروم رہ جاتی ہے جس کی وجوہات میں والدین کا انکار، دور دراز یا نظرانداز شدہ علاقوں تک رسائی کی کمی اور غیر رجسٹرڈ پیدائشیں شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ان مسائل پر قابو پانے کےلیےعوامی سطح پر رابطہ مہم کی قیادت کریں، آگاہی پھیلائیں اور صحت کے جامع اقدامات کی حمایت کریں۔ مراد علی شاہ کی جانب سے تجویز کردہ اہم اقدامات درج ذیل ہیں۔تمام بچوں کی مکمل اور درست پیدائش کی رجسٹریشن کو یقینی بنانا۔تمام سطحوں پر باقاعدہ حفاظتی ٹیکوں کے نظام پر سختی سے عمل درآمد،والدین کے انکار کے مسئلے کو کمیونٹی انگیجمنٹ اور تعلیم کے ذریعے حل کرنا،محروم بچوں تک رسائی کے لیے موبائل ٹیموں اور مقامی رضاکاروں کے ذریعے جدید طریقہ کار اپنانا،ہر ویکسینیشن مہم کے دوران 100 فیصد ویکسینیشن کوریج کا ہدف حاصل کرنا،خط میں جولائی میں ہونے والے سب نیشنل امیونائزیشن ڈے کا بھی ذکر کیا گیا اور اس میں پولیو کے خلاف جنگ میں تسلسل اور چوکسی برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خط کا اختتام میں لکھا کہ یہ قیادت اور اتحاد کا وقت ہے۔ آئیں ہم سب مل کر پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کی تاریخ رقم کریں۔

جواب دیں

Back to top button