گڈ گورننس انتظامی ضرورت ہی نہیں، طویل مدتی کامیابی کا بنیادی ستون ہے، مراد علی شاہ کا 39 ویں کارپوریٹ اکیسی لینس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ گڈ گورننس کسی بھی ادارے کی کامیابی کےلیے بنیادی عنصر ہے۔ یہ نہ صرف انتظامی ضرورت ہے بلکہ طویل مدتی کامیابی کا بنیادی ستون بھی ہے۔ ایماندارانہ فیصلوں اور شفافیت سے کمپنیاں اعتماد حاصل کرسکتی ہیں، اپنی ساکھ بہتر بناسکتی ہیں اور معیشت کی بہتری میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے یہ بات مقامی ہوٹل میں مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (میپ) کے تحت 39ویں کارپوریٹ ایکسی لینس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر سرمد علی خان نے پروگرام میں وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان کی پائیدار ترقی میں گڈ گورننس اور کارپوریٹ ذمہ داری کی ضرورت پر زور دیا۔ کارپوریٹ سیکٹر میں بہترین کارکردگی کو سراہنے کےلیے سجائی جانے والی تقریب میں تاجر رہنماؤں، ایوارڈ حاصل کرنے والوں اور کارپوریٹ برادری کے افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔

مراد علی شاہ نے گڈ گورننس، ایماندارانہ تجارتی سرگرمیوں اور کارپوریٹ شفافیت کےلیے میپ کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ میپ گذشتہ چار دہائیوں سے پاکستان کی تجارتی ماحول کو نئی جہت دینے اور کارپوریٹ مہارت کےلیے نئے معیارات مقرر کرنے کےلیے سرگرم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متنوع اور اجتماعی کارپوریٹ کلچر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متوازن اور ایماندارانہ فیصلہ سازی کےلیے یہ اقدار ضروری ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ عالمی رجحانات اور روایات خاص طور پر پائیداری اور ڈیجیٹل انقلاب سے خود کو جوڑنے کی کوشش کریں۔

پاکستان کو درپیش معاشی بحران اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ سرکاری شعبے کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ معاشی مشکلات کا دیرپا حل تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط انتظامی ڈھانچے کا تجارت کو مجموعی ملکی استحکام کےلیے سود مند بنانے میں اہم کردار ہے۔

مراد علی شاہ نے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور امید کا اظہار کیا کہ وہ گورننس اور جدت کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھیں گے۔ ایوارڈز کو پاکستان میں کارپوریٹ ایکسی لینس کو سراہنے کا اہم پلیٹ فارم قرار دیا گیا ، اس موقع پر بہترین انتظامی اور کاروباری کامیابیوں پر کئی کمپنیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

جواب دیں

Back to top button