وزیراعلیٰ سندھ سے حریت کانفرنس وفد کی ملاقات، 27 اکتوبر کو بھارتی جارحیت کیخلاف پروگرام میں شرکت کی دعوت

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو ہمیشہ پیپلز پارٹی قیادت نے ہی آگے بڑھایا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو سے شہید محترمہ بےنظیر بھٹو تک اور صدر آصف علی زرداری سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کےلیے آواز بلند کی ہے۔

 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی اور انہیں 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر پر بھارتی جارحیت کیخلاف منعقدہ پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد میں حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صافی، ایڈووکیٹ پرویز احمد، حمید لون، سید اعجاز شاہ اور مجید شیخ شامل تھے جبکہ وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزراء، سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار ملاقات میں شریک تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے معاملے پر اتنی آواز بلند کی کہ اقوام متحدہ کو قرارداد منظور کرنی پڑی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں مبصر کی حیثیت دلوائی۔ صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلسل مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے ہوئے ہیں۔

حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صافی نے کہا کہ حریت کانفرنس 27 اکتوبر 1947 کی یاد میں ایک بڑا پروگرام کرنا چاہتی ہے ، انہوں نے پروگرام میں پیپلز پارٹی کو شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو پروگرام میں شرکت کی دعوت دینگے۔ مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان پیپلز پارٹی حریت کانفرنس کے پروگرام میں بھرپور شرکت کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں۔

جواب دیں

Back to top button