آئیڈیاز 2024 نے دفاع اور سفارت کاری کی دنیا میں پاکستان کو اہم کھلاڑی بنادیا،آئیں! آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائیں، وزیراعلیٰ کا آئیڈیا کراچی شو سے خطاب

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئیڈیاز 2024 نے دفاع اور سفارتکاری کی دنیا میں پاکستان کی پوزیشن اہم کھلاڑی کے طور پر مزید مستحکم کی ہے۔ پاکستان طاقت اور شراکت داری کے ذریعے فروغ امن کےلیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہتھیار برائے امن کی تھیم کے تحت آئیڈیاز 2024 کا انعقاد اہم موقع ہے جس سے پاکستان کی دفاعی قوت ، ٹیکنالوجی کی جدت اور امن و علاقائی استحکام کےلیے غیرمتزلزل عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

نشان پاکستان پر سینیئر فوجی حکام، دفاعی ماہرین، سفارتکاروں اور دنیا بھر کے انڈسٹری لیڈرز سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے بین الاقوامی مہمانوں کا دلی شکریہ ادا کیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مہمانوں کی موجودگی مشترکہ چیلنجز کو تعاون اور باہمی احترام سے حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ ایسے مواقع ہمیں امن، استحکام اور سفارتکاری کے مشترکہ عزائم کی یاد دلاتے ہیں۔

آئیڈیاز 2024 کے اہم حصے کراچی شو میں پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے شاندار مظاہرے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شو سے پاکستان کی اپنے سرحدوں کے دفاع اور آزادی اور جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے کی تیاری ظاہر ہوتی ہے۔

ایونٹ میں بین الاقوامی معیار کی مقامی مصنوعات سے دفاعی صنعت میں پاکستان کی پیش رفت بھی ظاہر ہوئی جو پاکستان کی خود انحصاری کی عکاس ہے۔ وفود کو دہشتگردی، پائریسی، سائبر سیکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کے خلاف تعاون کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔

مراد علی شاہ نے بین الاقوامی وفود کی موجودگی کو عالمی شراکت داری اور مشترکہ ذمہ داری کا ثبوت قرار دیا۔ وفود نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور علاقائی سلامتی کےلیے ڈائیلاگ کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کو سراہا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آخر میں پرجوش حمایت پر کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور بین الاقوامی ایونٹس اور پاکستان کے میری ٹائم حب کے طور پر کراچی کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس اپیل پر اپنا خطاب ختم کیا کہ آئیں اتحاد ، مضبوط شراکت داری کے عزم، امن کے فروغ کے ساتھ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button