وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے عالمی یوم معذورین کے حوالے سے کلفٹن پارک کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ایک متاثر کن ٹیلنٹ شو اور خصوصی افراد کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کےلیے ایک نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا جامع سماج کی تشکیل کےلیے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ دن معذور افراد کی طاقت، افادیت اور شراکت کو یقنینی بنانے کی یاد دلاتا ہے اور ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کےلیے حوصلہ افزائی کرتا ہے جہاں سب کےلیے ترقی اور مساوات کے مواقع میسر ہوں۔
انہوں نے معذور افراد کو بااختیار بنانے کےلیے حکومتی اقدامات کا ذکر کیا جن میں معذور افراد کی صلاحیتوں اور دلچسپی کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ پروگرام، عوامی مقامات تک رسائی، ٹرانسپورٹ ، تعلیمی اداروں، عوام میں منفی رویوں اور امتیازی سلوک کے خاتمے کےلیے عوامی آگاہی مہم ، معذور افراد کی مدد کرنے والی این جی اوز کے ساتھ تعاون شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نمائش میں پیش کی جانےوالی اشیا کی تعریف کی اور نشاندہی کی کہ پرفارمنسز اور تخلیقات نے روایات کو چیلنج کیا ہے اور معذور افراد کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معذوری مجبوری نہیں بلکہ موقع اور حمایت ملنے پر ایک منفرد طاقت بن جاتی ہے۔ انہوں نے معذور افراد کو سنبھالنے والے خاندانوں، اساتذہ اور تنظیموں کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
مراد علی شاہ نے اس اپیل کے ساتھ اختتام کیا کہ معاشرے میں جامعیت کو فروغ دیا جائے اور ایک ایسا سندھ تشکیل دیا جائے جس میں معذور افراد کا قائدانہ اور انقلابی کردار ہو۔ ہم مل کر یہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ کوئی بھی نطر انداز نہ ہو اور ایسی دنیا بنا سکتے ہیں جو حقیقی طور پر جامع ، مساوی اور ہر کسی کو با اختیار بناتی ہو۔
تقریب میں معزز مہمانوں، فیملیز، کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد معزور افراد کی کامیابیوں کو سراہنے اور معذور افراد کے حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔