پنجاب میں فضائی آلودگی اور سموگ سے بچاؤ پر حکومت پنجاب اور فرانس کے مابین مفاہمتی یادداشت کی پرُوقار تقریب پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے عبداللہ خان سنبل آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں فرانسیسی سفیر نیکولس گیلے اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اِس معاہدے کا بنیادی مقصد فرانسیسی حکومت کے تعاون سے لاہور سمیت پورے پنجاب میں فضائی آلودگی اور سموگ کو ختم کرنا ہے۔تقریب میں فضائی آلودگی کے مسائل، شہری نقل و حرکت اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لئے ایک انٹر ایکٹو ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
ورکشاپ AFD پاکستان کے مشن کا ایک اہم حصہ ہے۔ جس میں فضائی آلودگی پر قابو پانے اور شہری نقل و حرکت کے انتظام میں مہارت رکھنے والے دو معروف فرانسیسی اداروں AIRPARIF اور SYCTOM کی شرکت کی۔ ۔ فرانس کے سفارت خانے کی طرف سے مالی اعانت فراہم کرنے والا یہ مشن FEXTE فضائی آلودگی کے اقدام کے تحت حکومت پنجاب اور AFD کے درمیان جاری تعاون کو مضبوط بنانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ورکشاپ کا مقصد فرانسیسی ماحولیاتی ماہرین کے تعاون سے خطے میں فضائی آلودگی اور سموگ جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پنجاب کی تکنیکی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے فضائی آلودگی،صحت عامہ، ماحولیات اور معیشت پر ان کے اثرات سے نمٹنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فرانسیسی سفیر کی موجودگی اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر شکریہ ادا کیا جبکہ فرانسیسی سفیر نیکولس گیلے نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں باہمی افہام و تفہیم اور مزید تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ تقریب میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت اکنامک قونصلر فرانسیسی ایمبیسی، اربن یونٹ، زراعت، ٹرانسپورٹ، صنعتوں کے سینئر افسران،ماحولیاتی ماہرین اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔