عمران خان کے فلاحی وژن کے تحت خیبر پختونخوا میں اجتماعی شادیوں (اجتماعی خانہ آبادی) کے منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر محکمہ زکوٰۃ و عشر کے زیرِ اہتمام صوبے بھر میں 4,000 سے زائد اجتماعی شادیاں منعقد کی جا رہی ہیں، جن کے پہلے مرحلے کا افتتاح آج پشاور میں کیا گیا۔

اس پروقار اور پرمسرت تقریب میں 30 جوڑوں کی ساتھ شادی انجام پائی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر، زکوٰۃ و عشر سید قاسم علی شاہ تھے، جبکہ صوبائی کابینہ کے دیگر معزز اراکین کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا نوبیاہتا جوڑوں کیلئے خصوصی پیغام بھی چلوایا گیا۔نئے جوڑوں کے لیے شادی ہال تک پک اینڈ ڈراپ کی سہولت اور پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جبکہ محکمہ زکوٰۃ کے جہیز فنڈ سے ہر جوڑے کو 2 لاکھ روپے کے چیک فراہم کیے گئے تاکہ وہ اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز معاشی خود مختاری کے ساتھ کر سکیں۔ تقریب میں خیبر پختونخوا کا ثقافتی رقص اتھانڑ بھی پیش کیا گیا، محکمہ زکوٰۃ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے تمام جوڑوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔صوبائی حکومت خیبر پختونخوا اجتماعی خانہ آبادی کے اس شاندار منصوبے کو مزید وسعت دینے جا رہی ہے، اور صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ایسی تقریبات کا جلد انعقاد کیا جائے گا۔






