اسکاؤٹس ٹریننگ اکیڈمی ورسک میں بیسک ملٹری ٹریننگ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل نورولی خان تھے۔ 34ویں ایڈیشن کے کل 1430 ریکروٹس تربیت کی کامیاب تکمیل کے بعد پاس آوٹ ہوئے۔ جن میں بڑی تعداد میں خیبر پختونخواہ کے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان شامل تھے۔
مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور ٹریننگ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریکروٹس کو شیلڈز، ٹرافیاں اور اعزازی شمشیر دی۔پریڈ میں سینئر سول اور ملٹری سروسنگ اور ریٹائرڈ اہلکاروں، پاس آٹ ہونے والے ریکروٹس کے والدین اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی میجر جنرل نور ولی خان نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس اور ان کے اہل خانہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ملکی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ میں پاک فوج اور فرنٹیر کور کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی نے بہادری اور فخر کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے کے لیے فوجیوں کو متنوع چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کا بھی اعادہ کیا۔تقریب کا اختتام ایک عظیم الشان مارچ پاسٹ پر ہوا، جو نئے پاس آؤٹ ہونے والے فوجیوں کے اتحاد اور طاقت کی علامت تھا۔