خیبر پختونخوا میں تعلیم کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کا ایک اور بڑا اقدام. وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طلبہ کے لیے ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت سکالرشپس کا اجراء کر دیا۔ ان سکالرشپس کے ذریعے صوبے سے تعلق رکھنے والے طلبہ ملک کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ پروگرام کے تحت 204 طلبہ کو سکالرشپس میرٹ اور عدم استطاعت کی بنیاد پر دی جائیں گی۔ رواں مالی کے دوران 204 طلبہ کو سکالرشپس کی فراہمی پر 20 ملین روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے پسماندہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے خصوصی سکالرشپس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے 100 ملین روپے کی اضافی سیڈ منی فراہم کرے گی۔ اس سے سکالرشپس کی سیڈ منی 300 ملین روپے سے بڑھ کر 400 ملین روپے ہوجائے گی۔ یہ اضافی 100 ملین روپے کی سیڈ منی صرف پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے سکالرشپس کے لئے مختص ہوگی۔ وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کا فروغ موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے۔چیف منسٹر ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کی سیڈ منی کو 1.2 ارب روپے سے بڑھا کر 2.4 ارب روپے کر دیا ہے، صوبے میں تعلیم کارڈ کے لیے 2 ارب روپے کا الگ سے فنڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ ہونہار اور مستحق طلبہ کی تعلیم کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جائیں گے، ہماری حکومت میں کوئی بھی بچہ عدم استطاعت کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔






