وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی سفارشات پر خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے متعدد اہم منصوبوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان اقدامات سے گلگت بلتستان کے عوام کو معیاری تعلیم، بہتر مواصلاتی ڈھانچہ، اور پائیدار ترقی کے مواقع میسر ہوں گے۔ گورنر سیکریٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات نہایت خوش آئند ہیں۔ یہ منصوبے خطے کے عوام کی معاشی، سماجی، اور تعلیمی ترقی کے لیے ایک نئی راہ ہموار کریں گے۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیر اعظم کے تعاون اور عزم کی تعریف کی اور اسے خطے کے روشن مستقبل کی نوید قرار دیا۔ 4 اگست کو وزیر اعظم کےدورہ گلگت بلتستان کے موقع پر *سید مہدی شاہ اور وزیر اعظم پاکستان کے مابین خصوصی ملاقات میں خطے میں تعمیر ترقی کے اہم منصوبوں کی ضرورت پر اہم سفارشات کیں* جن کی روشنی میں میاں شہباز شریف نے سکردو میں دانش سکول کے قیام کا بھی یقین دلایا، یاد رہے کہ سکردو میں سکول کے قیام کے لیے گورنر گلگت بلستان نے زمین کی دستیابی کو یقینی بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا ۔ اس منصوبے سے مقامی نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر ہوں گے، جو خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے جگلوٹ سکردو روڈ کو سفر کے لیے محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے اس سلسلے میں پی سی ون متعلقہ فورم میں پہلے ہی جمع کرایا جا چکا ہے۔ اس منصوبے کے تحت جگلوٹ سکردو روڈ پر 11 مختلف مقامات کو حادثات سے محفوظ بنانے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ان مقامات پر سڑک کی مرمت، حفاظتی ڈھانچوں کی تنصیب، اور دیگر ضروری اقدامات شامل ہیں تاکہ مسافروں کے لیے سفر محفوظ اور آرام دہ بنایا جا سکے۔مزید برآں وزیر اعظم پاکستان نے شونٹر ٹنل کی تعمیر کے مراحل کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس منصوبے کی جلد تکمیل سے نہ صرف گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کے درمیان رابطہ مضبوط ہو گا بلکہ سیاحت اور تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔ شونٹر ٹنل خطے کے مواصلاتی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ملاقات کےدوران وزیر اعظم پاکستان نے غواڑی پاور پراجیکٹ کو پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) میں شامل کرنے کے لیے متعلقہ ڈویژن کو جلد ہدایات جاری کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ یہ منصوبہ خطے میں توانائی کے بحران پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس سے نہ صرف مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا بلکہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی بھی ممکن ہو گی۔






