وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے عالمی بینک کے سبکدوش کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین کے اعزاز میں الوداعی تقریب

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان میں عالمی بینک کے سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر ناجی بن حسّین کے اعزاز میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔ مسٹر ناجی اپنی پانچ سالہ موثر مدتِ ملازمت مکمل کر رہے ہیں۔تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران، خصوصی معاونین، چیف سیکریٹری، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، غیر ملکی سفارتکاروں اور معروف صنعت کاروں نے شرکت کی۔مسٹر بن حسّین نے تقریب میں پاکستانی روایتی لباس شلوار قمیض اور سیاہ ویسٹ کوٹ زیب تن کر رکھی تھی۔ ان کی قیادت اور عزم کو خاص طور پر 2022 میں سندھ میں تباہ کن سیلاب کے دوران ان کے مثالی کردار کے لیے سراہا گیا۔تقریب کے دوران عالمی بینک اور حکومت سندھ کی شراکت سے جاری منصوبوں پر مبنی ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ موقع ایک خوشگوار اور یادگار لمحہ ہے جو نہ صرف ایک معزز شخصیت کو الوداع کہنے کے لیے ہے بلکہ مسٹر بن حسّین کی قیادت میں عالمی بینک کے ساتھ نتیجہ خیز شراکت کا جشن بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے سندھ کے لاکھوں عوام کو فائدہ پہنچا۔ وزیراعلیٰ نے 2022 کے سیلاب کے دوران مسٹر بن حسّین کی بروقت اور مؤثر حکمت عملیوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کی۔ انہوں نے اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی توجہ اور رہنمائی کا بھی ذکر کیا جس کے باعث سیلاب متاثرین کی بحالی ممکن ہوئی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ کا عالمی بینک کے ساتھ مالیاتی تعاون 3.96 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جس میں سرمایہ کاری کا دائرہ کار ماحولیاتی بحالی، سماجی تحفظ، انفرااسٹرکچر کی بحالی اور ڈیجیٹل جدت پر مشتمل ہے۔وزیراعلیٰ نے سیلاب زدگان کےلیے گھروں کی تعمیر کے سندھ فلڈ ایمرجنسی ہاؤسنگ ریکنسٹرکشن پراجیکٹ جیسے نمایاں منصوبے پر زور دیا جو دنیا کا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ ہے اور 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کے ذریعے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دیگر اہم منصوبوں میں کراچی ٹرانسفارمیشن اسٹریٹجی، کراچی نیبرہڈ امپروومنٹ پراجیکٹ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ اور کراچی موبیلیٹی پراجیکٹ شامل ہیں جن کا مقصد پاکستان کے معاشی مرکز میں طرز زندگی کو بہتر بنانا ہے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ عالمی بینک نے 2026 سے 2035 تک کا کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک بھی منظور کرلیا ہے جس کے تحت پاکستان کو متوقع طور پر 20 ارب ڈالر کی امداد ملے گی۔ یہ امداد سندھ کی ترجیحات سے ہم آہنگ شعبوں جیسے غذائی قلت کا خاتمہ، تعلیم، ماحول کی بہتری اور جامع سرمایہ کاری پر مرکوز ہوگی۔انہوں نے مسٹر بن حسّین کی خدمات پر گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مضبوط نظام، بااختیار کمیونٹیز اور پائیدار امید کا ورثہ چھوڑ کر جا رہے ہیں جو آنے والے برسوں میں سندھ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔اپنے الوداعی خطاب میں مسٹر ناجی بن حسّین نے حکومت سندھ کے عزم اور خود وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ذاتی نگرانی کو سراہا جس کے باعث عالمی بینک کے منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

انہوں نے سیلاب کے بعد بحالی کے مرحلے میں وزیراعلیٰ کی مسلسل کوششوں کو سراہا جنہوں نے بحالی کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا۔مسٹر بن حسّین نے سندھ ٹیم کی کارکردگی اور تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری مستقبل میں بھی جاری رہے گی اور صوبے کی پائیدار ترقی میں مددگار ثابت ہوگی۔یہ تقریب عالمی بینک اور سندھ حکومت کے درمیان جاری شراکت داری کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی جس میں مشترکہ کامیابیوں کا جشن منایا گیا اور نئی قیادت کے تحت مستقبل کی ترقی کے لیے بنیاد رکھی گئی۔

جواب دیں

Back to top button