وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رمپا پلازہ صدر میں آتشزدگی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی حسن نقوی کو رمپا پلازہ میں آگ لگنے کی مفصل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہر کراچی کی مصروف ایم اے جناح روڈ پر واقع رمپا پلازہ میں آگ بجانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں جبکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کو چاہئے کہ شہر بھر میں عمارتوں کی انسپیکشن کو یقینی بنائیں۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سندھ ریسکیو 1122 اور فائر برگیڈ عملہ آگ بجانے میں مصروف عمل ہیں اور جائے وقوعہ پر فائربرگیڈ کی 6 گاڑیاں اور ایک اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
وزیراعلیٰ کی مبارکباد: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کے عالمی دن پر پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کامیابی خوشی کا لمحہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نثار علی کو بہترین کارکردگی پر مبارک دیتے ہوئے تمام کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ کی کارکردگی کو بھی سراہا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کا 10 وکٹوں سے کرکٹ میچ جیتنا ٹیم ورک کی بہترین مثال ہے۔ مزید کہا کہ بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنا پاکستان کے لیئے ایک اعزاز ہے۔
ٹریفک جام کا نوٹس: وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوراً رپورٹ طلب کی اور ٹریفک پولیس کے سینئر افسران اور اہلکاروں کو ٹریفک مینجمنٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے انتظامات کیے جائیں اور کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کے باعث ٹریفک جام ہے تو ٹریفک پلان دیا جائے جبکہ ٹریفک پولیس اور متعلقہ حکام خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جہاں ضرورت ہو ٹریفک پولیس کی مدد کریں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کہ پیک آورز میں ٹریفک پولیس عملہ ہر صورت متحرک رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔






