خیبر پختونخوا میں ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کا ایک انقلابی اقدام۔ ”خیبر پاس“ کے نام سے صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل شناختی نظام کا اجراء کر دیا گیا۔ وزیر اعلٰی علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پاس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا باضابطہ اجراء کردیا۔ خیبر پاس ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ڈیجیٹل شناختی نظام ہے۔ یہ ڈیجیٹل شناختی پلیٹ فارم کیو آر کوڈ سسٹم پر مبنی ہے۔خیبر پاس ڈیجیٹل شناختی نظام کو نادرا سسٹم اور دیگر سرکاری ریکارڈ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ خیبر پاس کے تحت صوبائی شہریوں کی تمام شناختی معلومات اور کوائف آن لائن دستیاب ہونگی۔ خیبر پاس کے تحت ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے شہری صوبائی حکومت کے تمام شہری خدمات اور سہولیات تک بآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس نظام سے شہریوں کو مختلف خدمات کے حصول کے لیے الگ الگ رجسٹریشن کرنے اور فارم بھرنےکی ضرورت نہیں پڑے گی۔ خیبر پاس کے تحت ایک ہی کیو کوڈ کے ذریعے صحت، تعلیم، ٹیکس، لائسنس، جائیداد سمیت دیگر خدمات حاصل کی جا سکیں گی۔ شناختی کیو آر کوڈ سے شہریوں کو تمام سہولیات اور خدمات آن لائن دستیاب ہونگی اور لوگوں کو الگ الگ دفاتر کے چکر لگانے اور قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

تقریب میں وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے ایبٹ آباد اور بنوں کے سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کا بھی افتتاح کیا۔ سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز میں مختلف سرکاری محکموں کی عوامی خدمات ون ونڈو آپریشن کے تحت ایک ہی جگہ فراہم ہونگی۔ ان مراکز میں عوامی خدمات کے محکموں کے تحت 19 مختلف خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ایک ایک فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان اور سوات میں دو سیٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کا افتتاح پہلے سے کیا جا چکا ہے۔ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں یہ مراکز ہر ضلع کی سطح پر اور تیسرے مرحلے میں تحصیل سطح تک قائم کیے جائیں۔






