وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک پروقار تقریب کی صدارت کی، جس میں گریڈ 20 اور 21 میں ترقی پانے والے سینئر پولیس افسران کو رینکس لگائے گئے۔ تقریب کا مقصد ان افسران کی دہائیوں پر محیط خدمات کا اعتراف اور ان کی محنت کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے خود ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جیز) اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جیز) کو رینکس لگائے اور ان کی خدمت، ایمانداری اور قیادت کے جذبے کو سراہا۔

تقریب میں وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن، ہوم سیکریٹری اقبال میمن، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ بھی موجود تھے اور اس فخر کے لمحے کا مشاہدہ کیا۔ گریڈ 21 میں ترقی پانے والے افسران میںذوالفقار لاڑک، شرجیل کھرل، آزاد خان اور اقبال دارا شامل ہیں۔ گریڈ 20 میں ترقی پانے والے افسران میں جنید شیخ، عمران شوکت، عباس رضوی، شیراز نذیر، شوکت کھتران اور شاد ابنِ مسیح شامل ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ صرف ترقی نہیں بلکہ ذمہ داری میں اضافہ ہے۔ آپ سب سے ایمانداری، پیشہ ورانہ لگن اور قیادت کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، لیکن اب وقت ہے کہ اسے مثالی بنایا جائے۔ سید مراد علی شاہ نے افسران کی طویل سروس کو سراہتے ہوئے کہا کہ
اس مقام تک پہنچنے میں 20 سے 22 سال کی مستقل محنت لگتی ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف آپ کی بلکہ آپ کے خاندان کی بھی ہے۔ وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے بھی افسران کو مبارکباد دی اور صوبے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔






