وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے فور توسیعی منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام لاٹس خاص طور پر لاٹ 1 اور لاٹ 2 پر ستمبر کے دوران کام تیز رفتاری اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی (ویڈیو لنک کے ذریعے)، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ آغا واصف، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، پراجیکٹ ڈائریکٹر کے فور عثمان معظم سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔کے فور منصوبہ ورلڈ بینک کی معاونت سے شروع کیا گیا ہے۔بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ لاٹ 1 کے تحت پانی کی ترسیل ریزروائر ون سے وائے جنکشن تک کی جائے گی۔

لاٹ 2 میں پانی کی لائن ریزروائر ٹو سے سر سید یونیورسٹی تک بچھائی جائے گی جبکہ لاٹ 3 میں سر سید یونیورسٹی سے گل بائی تک لائن ڈالی جائے گی۔ لاٹ 4 کے تحت ریزروائر 3 سے بنارس تک پانی کا ترسیلی نظام قائم کیا جائے گا۔کے فور اور بی آر ٹی منصوبوں کے درمیان 2.7 کلومیٹر کا مشترکہ کوریڈور ہوگا جس میں 96 انچ اور 72 انچ قطر کی پائپ لائنز بچھائی جائیں گی۔ 96 انچ کی لائن عزیز بھٹی پارک اور اردو کالج کے قریب بچھائی جائے گی جبکہ 72 انچ کی لائن بھی اسی علاقے میں قائم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ مشترکہ کوریڈور پر کام کا ٹھیکہ پہلے ہی دیا جا چکا ہے اور کام ستمبر میں شروع ہونے کا امکان ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کے فور اضافی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت دی اور چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی کو پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔مراد علی شاہ نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام لاٹس پر کام اعلیٰ معیار کا ہونا چاہیے اور میئر کراچی کو منصوبے کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔






