سندھ میں کاروباری رجسٹریشن اور لائسنس حاصل کرنے کا عمل آن لائن ہوگیا، مراد علی شاہ نے سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ کا باضابطہ افتتاح کردیا

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےسندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ (ایس بی او ایس ایس) کا باضابطہ افتتاح کیا جو کہ ایک انقلابی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد صوبے بھر میں کاروباری رجسٹریشن اور لائسنس حاصل کرنے کے عمل کو آسان اور تیز بنانا ہے۔افتتاحی تقریب وزیر اعلیٰ ہاؤس کے عشائیہ ہال میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، صوبائی وزراء، سیکریٹریز، ممتاز کاروباری شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے اس منصوبے کو سندھ کی معیشت اور حکمرانی کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور نجی شعبے کو بااختیار بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ کے نفاذ کے لیے ضروری قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صوبے میں کاروبار کے آغاز کو سہل بنایا جا سکے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پہلے کاروبار کرنے میں آسانی کے بین الاقوامی اشاریے میں 190 ممالک میں 147 ویں نمبر پر تھا جو کہ گزشتہ تین برسوں میں بہتری کے بعد 108 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں خوشحالی لانے کے لیے صنعتی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے مزید وضاحت کی کہ اب لائسنس حاصل کرنے کا عمل مکمل طور پر آن لائن کیا جا رہا ہے جس سے درخواست دہندگان اپنی درخواستیں براہ راست متعلقہ اداروں کو بھیج سکیں گے، یوں رجسٹریشن کا عمل مزید تیز اور آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کی رفتار سے ہم آہنگ ہو کر کام کرنا ہوگا ورنہ ہم پیچھے رہ جائیں گے۔ سندھ اس صنعتی ترقی میں قیادت کرے گا۔سید مراد علی شاہ نے اعتراف کیا کہ سندھ حکومت سے متعلق کچھ منفی تصورات موجود ہیں تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کام پر توجہ مرکوز رکھیں گے اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت جدید انداز میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ہم ملک میں صنعتی ترقی کے میدان میں سب سے آگے رہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ صرف ایک ڈیجیٹل نظام نہیں بلکہ حکمرانی کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات ہے۔ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جس نے کاروبار سے متعلق ضابطہ جاتی سہولت کے لیے مکمل ون ونڈو نظام کو عملی طور پر نافذ کیا ہے۔یہ نظام بین الاقوامی مالیاتی ادارے ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے منصوبے "کمپیٹیٹو اینڈ لائیوایبل سٹی آف کراچی” کے تحت متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے نو اہم محکموں سے 32 اقسام کی برقی لائسنسنگ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مستقبل میں اس دائرہ کار کو بڑھا کر سولہ محکموں سے 130 سے زائد ضابطہ جاتی اور تعمیلی خدمات تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔یہ پلیٹ فارم مکمل طور پر آن لائن ہے، چوبیس گھنٹے دستیاب ہے اور قومی نظاموں جیسے کہ قومی شناختی اندراج کا ادارہ، سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، قومی مالیاتی نیٹ ورک (ون لنک) اور محکمہ موسمیات پاکستان کے ساتھ مربوط ہے۔ اس سے اصل شناخت کی فوری تصدیق اور محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیاں ممکن ہو گئی ہیں۔یہ نظام بلاک چین ٹیکنالوجی بھی استعمال کرتا ہے تاکہ شفافیت، معلومات کے تحفظ اور جعلسازی سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے – جو کہ کسی بھی کاروباری سہولت فراہم کرنے والے قومی پورٹل کے لیے پہلا قدم ہے۔” وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ چاہے آپ بڑے سرمایہ کار ہوں یا گھر سے کاروبار چلانے والے ایک چھوٹے تاجر، ‘سندھ بزنس ون ونڈو سسٹم’ سب کے لیے منصفانہ، قابلِ پیش گوئی اور آسان رسائی کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کاروباری حضرات و صنعت کاروں کو اس نظام سے مکمل فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔مراد علی شاہ نے زور دیا کہ ‘سندھ بزنس ون ونڈو سسٹم’ صوبائی حکومت کے پائیدار معاشی ترقی، سرمایہ کاری میں سہولت اور نجی و سرکاری شراکت داری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کے وسیع تر ایجنڈے سے ہم آہنگ ہے۔انہوں نے عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے اس اصلاحی عمل میں اسٹریٹجک تعاون فراہم کیا اور محکمہ سرمایہ کاری سندھ و دیگر شراکت دار اداروں کو اس بڑے پیمانے کی اصلاحات کی تکمیل پر سراہا۔وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ‘سندھ بزنس ون ونڈو سسٹم’ کے اگلے مرحلے میں تمام ریگولیٹری اور لائسنسنگ خدمات کو آن لائن کیا جائے گا، صوبے بھر میں کاروباری سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے اور ایک چوبیس گھنٹے دستیاب ڈیجیٹل رابطہ مرکز قائم کیا جائے گا تاکہ صارفین کو فوری رہنمائی فراہم کی جا سکے۔مراد علی شاہ نے آخر میں کہا کہ یہ آغاز ہے۔ ہم ایک ایسے مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں جو جدت، کارکردگی اور اجتماعی معاشی خوشحالی پر مبنی ہو۔ سندھ بزنس ون ونڈو سسٹم کا پلیٹ فارم اب سرکاری طور پر فعال ہے اور سندھ بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر شیخ نے کہا کہ ‘سندھ بزنس ون ونڈو سسٹم’ کاروباری عمل کو سہل بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ وفاقی حکومت کاروباری لائسنس کے اجرا کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنایا جا سکے۔ قیصر شیخ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سندھ میں کاروباری سہولیات کے فروغ کے لیے فعال انداز میں کام کر رہے ہیں اور ان کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی کرنسی مستحکم ہو رہی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آ رہی ہے۔ معاشی اشاریے بہتری کی جانب اشارہ دے رہے ہیں، جو ہم سب کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں پہلا ‘سندھ بزنس ون ونڈو سسٹم’ لائسنس جاری کیا گیا، جو ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات ملک کی معیشت کو مزید مضبوط بنائیں گے اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ و سازگار ماحول فراہم کریں گے۔وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید اور سیکریٹری سرمایہ کاری راجہ خرم شہزاد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

جواب دیں

Back to top button