وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نارتھ ناظم میں کے ڈی ایس پی کے تیسرے مرکز کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےنارتھ ناظم آباد میں کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام (کے ڈی ایس پی) کے تیسرے مرکز کا باقاعدہ افتتاح کردیا جس سے معذور افراد کے لیے مساوی ترقی اور قابل رسائی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سندھ حکومت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔افتتاحی تقریب میں والدین، معالجین، کمیونٹی رہنما اور رضاکاروں نے شرکت کی جنہوں نے کراچی میں جامع اور شمولیتی خدمات کی فراہمی کے ایک اہم قدم کا خیرمقدم کیا۔ کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام (کے ڈی ایس پی) کا تیسرا مرکز اب مکمل طور پر فعال ہے اور نئے خاندانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے تاکہ ڈاؤن سنڈروم سے متاثرہ افراد کو بااختیار بنانے اور ایک زیادہ شمولیتی معاشرے کو فروغ دینے کا مشن جاری رکھا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام (کے ڈی ایس پی) کو جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے اور جامع اداروں میں سے ایک قرار دیا جو ڈاؤن سنڈروم سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو ابتدا سے انتہا تک معاونت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ڈاؤن سنڈروم کے 30,000 سے زائد افراد مقیم ہیں۔ یہ صرف ایک عددی اعداد و شمار نہیں بلکہ خوابوں، چیلنجز اور صلاحیتوں کی عکاسی ہے۔ کے ڈی ایس پی جیسے ادارے ان افراد کو عزت اور محبت کے ساتھ ان کی مکمل صلاحیتوں تک پہنچنے میں مدد دے رہے ہیں۔نئے تیسرے باب کے آغاز سے کے ڈی ایس پی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے تحت سالانہ تھراپی سیشنز کی تعداد 30,000 سے بڑھا کر 50,000 سے زائد کر دی گئی ہے۔ یہ مرکز اہم سہولیات فراہم کرتا ہے جن میں پیشہ ورانہ تھراپی (آکوپیشنل)، گفتاری تھراپی (اسپیچ) اور جسمانی تھراپی (فزیکل) شامل ہیں جبکہ چھوٹے بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی پروگرام اور بڑے طلبا کے لیے مٹی کے برتن بنانے اور پینٹنگ جیسے پیشہ ورانہ تربیتی کورسز بھی دستیاب ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ طویل عرصے سے خدمات کے منتظر خاندانوں کے مطالبات پورے کرنے پر کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام (کے ڈی ایس پی) کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ان خاندانوں کو یہاں نہ صرف دیکھ بھال بلکہ بہتر مستقبل کی امید کے ساتھ خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔مراد علی شاہ نے معذور افراد کے لیے امدادی خدمات کی فراہمی کے لیے سرکاری و نجی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم معذور افراد کے لیے امدادی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ وہ معاشرے میں اپنا جائز مقام حاصل کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ ترقی کا پیمانہ صرف معاشی ترقی نہیں بلکہ کمزور طبقوں سے شفقت کے سلوک سے بھی ناپا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کے ڈی ایس پی اس بات کی روشن مثال ہے کہ جب کوئی کمیونٹی دل، مقصد اور وژن کے ساتھ یکجا ہوتی ہے تو کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے ضلع وسطی میں ایسے مراکز کے قیام کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا اور بتایا کہ کے ڈی ایس پی سینٹر میں اب تک 80 بچوں کا اندراج ہو چکا ہے جبکہ مزید 150 بچوں کو سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے کامیابی سے چلنے کی امید ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ ایسے مراکز کو مزید وسعت دینا وقت کی ضرورت ہے اور اسی سلسلے میں حیدرآباد میں بھی اسی طرز کے سینٹر کے قیام کی ہدایت دی۔ مراد علی شاہ نے تجویز دی کہ دسمبر سے قبل یہ مرکز فعال ہو جائے اور حکومت کی جانب سے فوری کام کے آغاز کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ حیدرآباد کا مرکز 31 دسمبر سے پہلے افتتاح کے لیے تیار ہو۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اس مشن کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ خواہ کسی بھی عہدے پر ہوں، اس مقصد کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کے ڈی ایس پی کو "انکلوسیو سٹی” میں درکار جگہ فراہم کرنے کی پیشکش کی جہاں تمام بچوں، بشمول آٹزم کے شکار بچوں کے لیے مشترکہ سہولیات دستیاب ہوں گی اور تمام تنظیمیں مفت وسائل سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت انفراسٹرکچر کی فراہمی میں ہر ممکن معاونت کرے گی اور مخیر حضرات کو بھی اس نیک کام میں شامل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آغا خان اسپتال کے سامنے ڈاؤن سنڈروم سینٹر بھی زیر تعمیر ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعتراف کیا کہ یہ کام صرف سرکاری شعبے کے بس کی بات نہیں اور اس میں نجی شعبے کی شمولیت بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی نہیں، صرف جذبے کی ضرورت ہے۔مراد علی شاہ نے کے ڈی ایس پی کی لگن اور ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاؤن سنڈروم کے شکار بچوں میں زبردست صلاحیتیں ہیں، جنہیں تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حیدرآباد میں مراکز کے قیام کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور متعلقہ حکام موزوں مقامات کے انتخاب میں بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سندھ تمام درکار وسائل فراہم کرے گی۔اس موقع پر سینیئر وزیر شرجیل میمن، ڈی ایس پی ڈی کے ڈائریکٹر علی اللہ والا، سی ای او تابش شہزاد سمیت دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

Back to top button